انچارج شعبہ تبلیغات اسلامی تحریک پروفیسر خادم حسین لغاری انتقال کرگئے، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی، علامہ سبطین سبزواری و ملک بھر سے علماء کرام و شخصیات کا اظہار تعزیت
نمازجنازہ علامہ سید محمد تقی نقوی نے پڑھائی ،تمام مکاتب فکر کے علما و قائدین اور سیاسی سماجی شخصیات کی شرکت
ڈیرہ غازی خان(اسٹاف ) اسلامی تحریک پاکستان کے شعبہ تبلیغات کے مرکزی انچارج پروفیسر خادم حسین لغاری انتقال کرگئے۔ مرحوم جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی مجلس نظارت کے رکن بھی تھے۔ مرحوم کی نمازجنازہ ان کے آبائی گاوں واسو والاڈیر ہ غازی خان میں مجمع اہل بیت پاکستان کے صدر علامہ سید محمد تقی نقوی نے پڑھائی ، جس میں تمام مکاتب فکر کے علما و قائدین اور سیاسی سماجی شخصیات شریک ہوئیں۔ بعدازاں مرحوم کومقامی سپرد خا ک کردیاگیا۔ پروفیسر خادم حسین لغاری مرحوم گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج ڈیرہ غازی خان میں اکنامکس کے پروفیسر کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے۔ وہ تحریک جعفریہ پنجاب کے جنرل سیکرٹری بھی رہے ۔ انہوں نے تعمیرمساجدمنصوبے کے تحت علاقے میں 300 سے زائد مساجد کی تعمیر کروائی اور مستحقین کی امداد کا ادارہ بھی چلا رہے تھے۔ پروفیسرخادم لغاری ڈیرہ غازی خان کی مضافاتی بستی واسو کے رہائشی تھے۔ انہوں نے سادہ مگر متحرک تنظیمی زندگی بسر کی۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان اور اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے مرحوم کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انکے انتقال کو ناقابل تلافی نقصان قرار دیا اور مرحوم کے لواحقین و پسماندگان سے دلی تعزیت کی۔انہوں نے کہا کہ پروفیسر خادم حسین لغاری نہ صرف ماہر تعلیم بلکہ ایک متحرک سماجی و سیاسی شخصیت تھے جن کی قومی و ملی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔ انکی وفات نہ صرف انکے خانوادے کے لئے ناقابل تلافی نقصان کا سبب ہے بلکہ ملی و قومی سطح پر بھی خلا ءکا باعث ہے ۔ علامہ ساجد نقوی نے مرحوم کی مغفرت اور بلندی درجات کے لئے خصوصی دعا کی۔اسلامی تحریک پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ پروفیسر خادم حسین لغاری کی خدمات کو برسوںیادرکھاجائے گا۔ مرحوم تبلیغ دین ، تحریک جعفریہ اور قائدملت جعفر یہ سے وابستگی میں مثالی شخصیت و کردارکے مالک تھے۔ مرحوم کی رسم قل 12۔ جنوری بروز جمعرات 11بجے دن ادا کی جائے گی۔