تازه خبریں

کراچی انچولی کا علاقہ یکے بعد دیگرے دو دھماکوں سے گونج اٹھا – 9 افراد شہید , 40 سے زائد زخمی

جعفریہ پریس – کراچی کاعلاقہ انچولی رات سوا گیارہ بجے کے قریب یکے بعد دیگرے دو دھماکوں سے گونج اٹھا۔ عینی شاہدین کے مطابق انچولی اسٹاپ پرچائے کے ہوٹل کے باہر زور دار دھماکا ہوا جس کے بعد افرا تفری مچ گئی، اسی دوران دوسرا دھماکا ہوگیا۔ دھماکے میں 9 افراد شہید جبکہ 40 سے زائد زخمی ہو گئے ۔ دھماکوں میں زخمی ہونے والے 18 افرد کو عباسی شہیداسپتال جبکہ 20 زخمیوں کونجی اسپتال منتقل کردیاگیا۔ شہداء اور زخمیوں میں اہلسنت برادری کے افراد بھی شامل ہیں ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق افراد میں ممتازحسین، محمدعزیز، سالک جعفری اور ریاض الحق کی شناخت ہو گئی۔ سالک جعفری نجی ٹی وی کے ایسوسی ایٹ پروڈیوسر تھے۔ ڈی آئی جی ایسٹ جاوید اوڈھو کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق دونوں دھماکے موٹر سائیکل میں نصب ڈیوائس سے کیے گئے، جس میں 3 سے 4 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، دھماکے فون ڈیوائس کے ذریعے کئے گئے۔ دھماکوں سے قریبی دکانیں، متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں تباہ ہو گئیں اورعلاقے کی بجلی بند ہوگئی جس سے امدادی کاموں میں مشکلات پیش آئیں، تاہم کے ای ایس سی کے عملے نے موقع پر پہنچ کر بجلی بحال کرا دی۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ  علامہ سید ساجد علی نقوی نے انچولی بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے دہشتگردوں کی فوری گرفتار کا مطالبہ کیا ہے ۔ جبکہ شیعہ علما کونسل  پاکستان نے تین روزہ سوگ  کا اعلان کیا ہے۔ ادھرشیعہ علماء کونسل سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید ناظر عباس تقوی نے سانحہ کے بعد فوری طور پر تمام ہسپتالوں کا دورہ کرتے ہوئے زخمیوں کی عیادت کی ۔