جعفریہ پریس – کراچی سمیت ملک بھر میں نو محرم الحرام کے چھوٹے بڑے جلوس عزا بخیریت اختتام پذیر ہوگئے،جبکہ بعض شہروں میں یہ جلوس رات کو بھی نکلیں گے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں نویں محرم الحرام کا جلوس امام بارگاہ اثناء عشری جی سکس ٹو سے نکل کر واپس اسی امام بارگاہ میں پرامن طور پر اختتام پذیر ہوگیا۔ اس موقع پر عزاداروں نے علم، ذوالجناح اور تعزیے بھی برآمد کیے۔ جلوس میں مردوں، عورتوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ایک اندازے کے مطابق، دو لاکھ سے زائد عزادارانِ امام حسین علیہ السلام نے اس جلوس میں شرکت کی۔ عزاداروں نے نوحہ خوانی، زنجیر زنی اور ماتم داری کے ذریعہ امام عالی مقام کو پرسہ دیا اور شہداء کربلا کو خراج تحسین پیش کیا۔ جلوس میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے دستوں نے بھی خصوصی شرکت کی اور اپنی علاقائی زبانوں میں نوحہ خوانی کی۔ پشتو، شینا، پنجابی، سرائیکی اور اردو سمیت کئی زبانوں میں نوحہ خوانی کی گئی۔ جلوس عزا میں لنگر نیاز اور سبیلوں کا خصوصی اہتمام کی گیا۔ مختلف تنظیموں کی جانب سے خصوصی اسٹالز بھی لگائے گئے جبکہ ماوا کے زیراہتمام خون کے عطیات بھی لیے گئے۔ اس موقع سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلوس عزا کی فضائی نگرانی بھی کی گئی۔
پشاور میں نو محرم الحرام کا مرکزی جلوس عزاء اپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پزیر ہوگیا ہے، جس میں ہزاروں کی تعداد میں عزاداران امام حسین (ع) نے شرکت کی، جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر سے برآمد ہوا، اور اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا واپس اسی امام بارگاہ پر اختتام پزیر ہوا۔ دوران جلوس مختلف ںوحہ خواں سنگتوں نے نوحہ خوانی اور ماتم داری کی، اس موقع پر عزاداروں نے زنجیر زنی بھی کی، جلوس کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ دوران جلوس نماز ظہرین سڑک پر ادا کی گئی، جلوس جب چوک فوارہ پہنچا تو وہاں علمائے کرام اور ذاکرین نے شہدائے کربلا کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تقاریر کیں۔ جبکہ آج رات 10 بجے کے بعد پشاور شہر کی مختلف امام بارگاہوں سے جلوس برآمد ہوں گے۔ جو تمام رات اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے صبح نماز فجر کے قریب انہی امام بارگاہوں میں پہنچ کر اختتام پزیر ہوں گے۔
لاہورمیں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا،بم ڈسپوزل اسکواڈ سے کلیئرکرانے کے علاوہ روٹ کو سراغرساں کتوں کی مدد سے بھی چیک کیا گیا۔ امن وامان میں خلل سے بچنے کیلئے موبائل فون سروس بند اور ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی تهی ۔لاہورمیں پانڈو اسٹریٹ سے نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس برآمد ہونے سے پہلے مجلس ذاکرین نے حضرت حسین اوران کے جاں نثار ساتھیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ نویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس میں عزادار سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتے رہے۔ یہ جلوس اسلام پورہ،سول سیکریٹریٹ اور پرانی انارکلی سے ہوتا ہوا خیمہ سادات پہنچا۔ سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ شرکاء کی 4 درجاتی تلاشی لی جا رہی ہے۔ جلوس کے راستوں کی ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی۔لاہور میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس سیکیورٹی کے سخت انتظامات میں مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے۔ جلوس رات12بجے پانڈو اسٹریٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔
کراچی میں نو محرم الحرام کی مرکزی مجلس نشتر پارک میں ہوئی، جس کے بعد مرکزی جلوس برآمد ہوا۔ جلوس کے راستوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تهے۔ 9 محرم الحرام کی مرکزی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے حضرت اور ان کے اہل بیت کی قربانیوں پر روشنی ڈالی، ان کا کہنا تھا، ہماری ہمدردیاں پاک فوج کے شہیدوں اور ان کے ورثہ کے ساتھ ہیں، مجلس کے بعد مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا،جلوس اپنے روایتی راستوں، ایم اے جناح روڈ، ریگل سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگیا، جب جلوس ایم اے جناح روڈ پہنچا تو امام بارگاہ علی رضا کے سامنے علامہ شہنشاہ حسین نقوی کی امامت میں ہی نماز ظہرین ادا کی گئی ۔ جلوس کی سکیوریٹی کے لئے ایم اے جناح روڈ پر رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی، جلوس کے راستوں پر رینجرز کی عارضی چوکیاں بھی قائم کی گئییں، جبکہ ایم اے جناح روڈ کو ملنے والے راستے کنٹینر اور قناعتیں لگا کر بند کردیئے گئے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں کو اسٹینڈ بائی رکھا گیا ۔
ملک کے دیگر شہروں کی طرح کوئٹہ میں بھی نو محرم الحرام کا جلوس نکالا گیا۔ کوئٹہ میں نو محرم کے شبیہ ذوالجناح کے جلوس کا آغاز میکانگی روڈ پر امام بارگاہ ناصر العزاء سے ہوا ، عزا دار سینہ کوبی اور نوحہ خوانی کرتے رہے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے رکاوٹیں کھڑی کرکے پورے علاقے کو سیل کردیا۔ جلوس کے شرکاء میکانگی روڈ اور میر احمد خان روڈ سے ہوتے ہوئے واپس امام بارگاہ ناصر العزاء پہنچے جہاں جلوس کا اختتام ہوا۔ اس موقع پر ذاکرین نے دین اسلام کی سربلندی کے لیے میدان کربلا میں حضرت امام حسین اور ان کے جاں نثار ساتھیوں کی لازوال قربانی پر روشنی ڈالی۔ بلوچستان میں مچھ ،ڈیرہ اللہ یار ،لورالائی ،ژوب اور دیگر علاقوں میں بھی نو محرم الحرام کے جلوس نکالے گئے۔