جعفریہ پریس۔ کوئٹہ بلوچستان کے بزرگ عالم دین، امام جمعہ کوئٹہ، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنما، قائد شہید اورقائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے قریبی ساتھی علامہ مہدی نجفی کا آج طویل علالت کے بعد کراچی میں رضائے الٰہی سے انتقال ہوگیا ۔ مرحوم تحریک جعفریہ / شیعہ علما کونسل پاکستان بلوچستان کے سابقہ صدر اور حال میں شیعہ علما کونسل پاکستان بلوچستان کے سرپرست اعلی کے طور پر دینی اجتماعی خدمات انجام دے رہے تھے، اس افسوسناک خبر پر جے ایس او پاکستان، جعفریہ یوتھ اور شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنماؤں سمیت قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ قائد ملت جعفریہ نے کہا کہ علامہ مہدی نجفی کی گرانقدرخدمات کوکبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ جعفریہ پریس کے نمائندے کے مطابق دفتر قائدملت جعفریہ قم نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہ دارالتلاوہ میں جمعہ کے روزمجلس ترحیم کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ جعفریہ پریس کی ٹیم بھی اس افسوسناک خبر پرعلامہ مہدی نجفی کے اہل خانہ بالخصوص قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجدعلی نقوی کی خدمت میں تسلیت پیش کرتی ہے۔