کوئٹہ واقعہ انتہائی المناک سانحہ، دہشتگردی کے درخت کو جڑ سے اکھاڑ ا جائے، شیعہ علماء کو نسل پاکستان
مختصر وقفہ کے بعد ٹارگٹ کلنگ و دہشتگردی کا بازار پھر گرم ہوگیا، نیشنل ایکشن پلان پر اس کی رو ح کے مطابق عمل کیا جائے،غمزدہ خاندانو ں کے سوگ میں برابر کے شریک ہیں، مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف واحدی
اسلام آباد09 اگست 2016ء (جعفریہ پریس)شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کی سانحہ کوئٹہ کی شدید الفاظ میں مذمت، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے شاخوں کی بجائے جڑوں سے ملک دشمن عناصر کو اکھاڑا جائے، عوام کو حقائق سے آگاہ کیا جائے، خیبرتاکوئٹہ پورا ملک لہو لہو ہے، ایک مختصروقفہ کے بعد ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کا بازار پھر گرم ہوگیاہے جو تشویشناک ہے، غمزدہ خاندانوں کے سوگ میں برابر کے شریک ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ میں المناک سانحہ پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کیا ۔ اپنے مذمتی بیان میں علامہ عارف حسین واحدی کا کہنا تھا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول جیسے اندوہناک واقعہ کے بعد نیشنل ایکشن پلان مرتب کیاگیا تاکہ دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے لیکن افسوس اس پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد نہیں کیاگیا اور ہمیشہ بیلنس پالیسی کے فارمولہ پر ہی کاربند ریاستی اداروں نے دہشت گردی کے قبیح درخت کو جڑ سے اکھاڑنے کی بجائے اس کی شاخوں کو کاٹاگیا جو اب نئے انداز میں دوبارہ سر اٹھارہی ہیں۔اب اس ملک سے بیلنس پالیسی کا کھیل پرانا ہو چکا ہے ۔ملک سے بیلنس پالیسی کے کھیل کواب ختم کرنا ہو گااور تکفیر ی و تخریبی ملک دشمن عناصر کیخلاف بھر پور قوت سے کارروائی کرنا ہو گی۔علامہ عارف واحدی کا کہنا تھا کہ ایک مختصر وقفہ کے بعد دوبارہ ٹارگٹ کلنگ شروع ہوئی اور دہشت گردی کا بازار گرم ہوگیا اور ایک المناک حادثے پھر کئی گھروں کے چراغ گل کردیئے ، ملک ایک مرتبہ پھر سوگ میں ڈوب گیا، ہر آنکھ پھر اشک بار ہوگئی لیکن افسوس آج تک عوام کو اتنی قیامتیں گزرنے کے باوجود حقائق سے آگاہ نہیں کیاگیا ۔انہوں نے اس موقع پروکلاء ، صحافیوں اور دیگر غمزدہ خاندانوں سے دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس المناک غم اور سوگ میں ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے شہداء کے بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔ علامہ عارف حسین واحدی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہاکہ سانحہ کوئٹہ سول ہسپتال کے حقائق سے قوم کو آگاہ کیا جائے۔