قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی سے شیعہ علماء کونسل سندھ کے وفد کی ملاقات
اسلام آباد: قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی دامت برکاتہ سے شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے نمائندہ وفد نے بعنوان “کاروانِ عہد و وفا” جامعہ الکوثر اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت صوبائی صدر علامہ ڈاکٹر اسد اقبال زیدی کر رہے تھے۔ ملاقات میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ بھی موجود تھے۔
کاروانِ عہد و وفا میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات علی عظمت بلوچ، صوبائی اعزازی نائب صدور مولانا کفایت حسین کریمی، صوبائی مشیر غلام عباس مہر، ڈویژنل صدر کراچی مولانا سید مظہر حسین زیدی، ڈویژنل سیکرٹری کراچی مولانا سجاد حسین حاتمی، ڈویژنل سیکرٹری سکھر مولانا امداد حسین الحسینی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع اور تحصیلوں سے تعلق رکھنے والے تنظیمی ذمہ داران شریک تھے۔
ملاقات کے دوران صوبائی صدر سندھ علامہ ڈاکٹر اسد اقبال زیدی نے قائد ملت جعفریہ پاکستان کی خدمت میں سپاس نامہ پیش کیا۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے سندھ کے وفد کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کاروانِ عہد و وفا کی تنظیمی خدمات کو سراہا اور قیادت کے ساتھ سندھ کے عوام کی والہانہ وابستگی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اسی موقع پر صوبہ سندھ کی جانب سے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کو ان کی مسلسل تنظیمی فعالیت، سماجی و سیاسی جدوجہد اور رفاہِ عامہ کے لیے بے لوث خدمات کے اعتراف میں یادگاری سووینئر اور سندھی ثقافت کی علامت اجرک پیش کی گئی۔
بعدازاں قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی دامت برکاتہ نے سندھ سے آئے ہوئے نمائندہ تنظیمی وفد سے خطاب کرتے ہوئے صوبہ سندھ میں تنظیمی استحکام اور کامیاب عوامی اجتماعات کے انعقاد کو سراہا اور اس جدوجہد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ شیعہ علماء کونسل پاکستان معاشرے میں عدل و انصاف کے قیام اور عوامی حقوق کے تحفظ کی ایک منظم، اصولی اور نظریاتی جماعت ہے۔
قائد محترم نے کہا کہ شیعہ علماء کونسل پاکستان نے ماضی میں بھی اتحاد، وحدت، بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کے ذریعے عوامی حقوق کی جدوجہد کو کامیابی سے آگے بڑھایا ہے اور یہ جماعت وطن عزیز پاکستان میں اسلام کی حیا اور اقدار کے تسلسل کی علامت ہے۔ انہوں نے جماعت اور معاشرے میں گروہ بندی سے اجتناب اور قومی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے کی تلقین بھی کی۔
ملاقات کے دوران سندھ کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے نمائندوں نے قائد ملت جعفریہ پاکستان کو سندھی ثقافت کے مطابق اجرکیں پہنائیں۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور صوبائی صدر سندھ علامہ ڈاکٹر اسد اقبال زیدی نے قائد محترم کی نصف صدی پر محیط قومی، دینی اور ملی خدمات کے اعتراف میں شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی۔
وفد کی جانب سے قائد ملت جعفریہ پاکستان کو 25 جنوری 2026ء کو سیون میں منعقد ہونے والی عظمتِ شہداء کانفرنس میں شرکت کی باضابطہ دعوت بھی دی گئی۔ قائد محترم نے شہدائے سیون کی برسی کو شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کی ایک عظیم اور مؤثر کاوش قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ برسی کے جلسے میں بھرپور شرکت کریں، مظلوم شہداء کی یاد تازہ کریں اور ظلم و جبر کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔