مغربی کنارے پر اسرائیلی بستیوں کا قیام عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی
مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اسرائیلی بستیوں بارے امریکی وزیر خارجہ کا بیان افسوس ناک اور بین الاقوامی اداروں کے منہ پر طمانچہ ہے، قائد ملت جعفریہ
روال سال کے دوران اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشتگردی کے نتیجے میں اب تک 59فلسطینی شہید اور 3472زخمی ہوئے کی پُرزور مذمت کرتے ہیں ۔
راولپنڈی / اسلام آباد21 نومبر 2019 ء( جعفریہ پریس ) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے پر اسرائیلی بستیوں کا قیام عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اسرائیلی بستیوں بارے امریکی وزیر خارجہ کا بیان افسوس ناک اور بین الاقوامی اداروں کے منہ پر طمانچہ ہے اوررواں سال کے دوران اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشتگردی کے نتیجے میں اب تک 59فلسطینی شہید اور 3472زخمی ہوئے کی پُرزور مذمت کرتے ہیں، مسائل کے حل کے لیے پاکستان سمیت اسلامی دنیا کو بین الاقوامی دباﺅسے آزاد خارجہ پالیسی مرتب کرنا ہونگی-
ان خیالات کا اظہار علامہ سید ساجد علی نقوی نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے اس بیان پر کیا جس میں امریکہ نے مغربی کنارے پر اسرائیلی بستیوں کو قانونی قرار دیا ۔ علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا تھا کہ اس بیان سے استعما ر کا چہرہ آشکار ہوا ہے اوریہ بھی واضح ہو گیا کہ استعمارکا مفہوم اوراس کے اہداف کیاہوتے ہیں ۔اور استعمار اپنے اہداف کے حصول کےلئے کیا کیا ہتھکنڈے استعمال کر تا ہے اور کس طرح ہر قسم کی اخلاقیات اورباہمی تعلقات کو پاما ل کر تا ہے؟
علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ کے مﺅقف میں تبدیلی کے مشرق وسطیٰ کے امن کی بحالی کیلئے خطرناک نتائج ہوں گے ۔اس سلسلے میں اقوام متحدہ اور او آئی سی کو اپنی پنی حیثیت و کردار کو برقرار رکھنے کےلئے مثبت اور عملی کر دار ادا کر نا ہوگا۔ اسرائیل و بھارت نے کشمیر و فلسطین میں ظلم و جارحیت کی تمام حدیں پھلانگ لیں۔ مسئلہ فلسطین و کشمیر اسلامی دنیا کے سب سے پرانے اور انتہائی حل طلب مسائل ہیں ،پاکستان کو اس سلسلے میں بھرپور اور تیز ترین سفارتکاری کے ذریعے بین الاقوامی برادری تک اپنی آواز پہنچانا چاہیے۔ کیونکہ مشرق وسطیٰ میں اسرائیل اور برصغیر میں انڈیا نے ظلم و جارحیت کی تمام حدیں پھلانگ دی ہیں۔
آخر میں علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ اقوام عالم سیکورٹی کونسل کی متعلقہ قراردادوں سے رہنمائی لیتے ہوئے فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت کو روکے اور سیکورٹی کونسل کی قرار داد 2334پر مکمل عمل درآمد کیا جائے جس کے مطابق اسرائیل کی جانب سے بستیاں تعمیر کرنا عالمی قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے اوروہ ریاستی حل ، انصاف کے حصول اور جامع امن قائم کرنے کےلئے بڑی رکاوٹ ہے اور امریکہ کی جانب سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو نظر انداز کئے جانے اور یہودی بستیوں بارے امریکی پالیسی میں تبدیلی قابل مذمت ہے ۔