تازه خبریں

وزیراعظم کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات

وزیراعظم کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات

وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ریاض میں ملاقات کی ۔ملاقات میں پاک سعودی تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قیادت کی سطح پر باقاعدہ تبادلوں کے حصے کے طور پر وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کا ایک روزہ دورہ کیا۔وزیراعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان سے وسیع البنیاد مشاورت کی جس میں خطے کے تناظر میں دو طرفہ تعلقات اوربدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعظم نے پاک ۔سعودی تعلقات کی سٹریٹجک اہمیت پر زور دیا اور اسے امن ،ترقی اور خوشحالی کیلئے کلیدی شراکت داری قراردیا۔
وزیراعظم نے جی 20 کی سربراہی ملنے پرسعودی قیادت کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ یہ عالمی برادری میں سعودی قیادت کے کردار اور اہمیت کی عکاس ہے،پاکستان کی خواہش ہے کہ سعودی عرب جی 20 کی صدارت انتہائی کامیابی سے انجام دے۔دو طرفہ تعلقات کے تناظر میں وزیراعظم نے باہمی اعتماد اور مفاہمت پر مبنی پاکستان سعودی عرب تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اعلیٰ سطح کے دورے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کا طرہ امتیاز ہیں اور فروری 2019 میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کےدورہ پاکستان سے اقتصادی، سرمایہ کاری ،توانائی ،سکیورٹی اور دفاع کے شعبوں اور عوامی رابطوں میں گہرے تعلقات کا ایک نیا دور شروع ہو ا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان جاری دو طرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔یہ بات محسوس کی گئی کہ سعودی پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو بڑھانے میں ادارہ جاتی نظام مہیا کیا ہے۔ دونوں فریقوں نےامید ظاہر کی کہ اس کونسل کے آئندہ سال کے شروع میں متوقع دوسرے اجلاس میں اس عمل میں مزید پیشرفت ہو گی۔
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کوبھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے مسلسل لاک ڈاؤن اور 5 اگست کے بعد لگائی جانے والی پابندیوں کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔انہوں نے بھارت کی طرف سے مہم جویانہ بیانات اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی کارروائیوں سے بھی آگاہ کیا۔وزیراعظم نے سعودی عرب کی کشمیر کاز سے متعلق حمایت اور جموں و کشمیر کے بارے میں او آئی سی کے رابطہ گروپ میں اس کے مؤثر کردار کی تعریف کی۔دونوں رہنماؤں نے او آئی سی اور دوسرے ذرائع سے کشمیر کاز کیلئے مزید پیشرفت کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
مشرق وسطیٰ کے تناظر میں وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کےاس عزم کا اظہار کیا کہ تنازعات اور اختلافات کو سیاسی اور سفارتی ذریعوں سے حل کیا جانا چاہیے۔پاکستان خطے اور دنیا کے مفاد میں تنازعات اور کشیدگی کے خاتمے اور امن کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔سعودی عرب نے پاکستان میں سیاحت کے شعبے کی ترقی کیلئے ہر ممکن حمایت کا یقین دلایا۔اس ضمن میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سعودی عرب کی ٹیم جلدپاکستان کا دورہ کرے گی۔
مئی2019 کے بعد سے وزیراعظم عمران خان کا سعودی عرب کایہ چوتھا دورہ ہے جو اس بات کا عکاس ہے کہ پاکستان اپنی سٹریٹجک شراکت کو کتنی اہمیت دیتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے دورے کے دوران دونوں ملکوں کی قیادت نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔