پریس ریلیز
یوم سقوط ڈھاکہ ،سانحہ اے پی ایس ملکی تاریخ کا سنگین واقعہ ہے ، علامہ عارف واحدی
دہشتگردوں کومنطقی انجام تک پہنچائے بغیر ملک میں پائیدار امن ممکن نہیں ، مرکزی سیکرٹر جنرل شیعہ علماءکونسل پاکستان
ہمارا دشمن ملک میں نفرت ، فرقہ بندی ، انتہاپسندی پھیلانے کی سازشیں کررہاہے جنہیں ناکام بنانے کیلئے ہمیں متحد ہو نا ہو گا
راولپنڈی /اسلام آباد 16دسمبر 2019ء( جعفریہ پریس )شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کا کہنا ہے کہ 16دسمبر کا ہی سیاہ دن تھا جس میں ملکی تاریخ کے سنگین واقعات سقوط ڈھاکہ اور سانحہ اے پی ایس رونما ہو ئے جن کو کبھی فراموش نہیں کر سکیں گے ۔ان کا کہناتھا کہ سقوط ڈھاکہ کو 48برس بیت گئے جس میں دشمنوں کی سازشوں سے پاکستان دو لخت ہوا اسی روز پشاور میں دہشتگردوں نے ایسا گھناﺅنا کھیل کھیلا کہ اے پی ایس میں سکول میں مشغول تعلیم بچوں سمیت 140سے زائد افرادکو بے دردی سے شہید کر دیا۔انہوںنے کہاکہ ہم سوگوار خاندانوں سے ایک مرتبہ پھر اظہار تعزیت کرتے ہیں یہ تاریخ کا سنگین واقعہ ہے انہوںنے کہاکہ قائدملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجدعلی نقوی کے فرمان کے مطابق جب تک دہشتگردوں کے سرپرستوں پر ہاتھ نہیں ڈالا جا تا، دہشتگردوں کے ناسور کوجڑ سے اکھاڑنہیں دیا جاتا اس وقت تک پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ، ان نکات پر حکومت سنجیدگی سے غور کریں ، علامہ عارف واحدی کا مزید کہنا تھاکہ نیشنل ایکشن پلان اسی لئے مرتب کیا گیاتاکہ دہشت گرد ی، فرقہ واریت اور انتہا ءپسندی کا خاتمہ کیا جائے لیکن افسو س اس پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل نہیں کیا گیا ۔سانحہ اے پی ایس کے بعد بہت سے سانحات رونما ہوئے ، ٹارگت کلنگ کا سلسلہ بھی ابھی تک نہیں تھما ، پچھلے دنوں میں خیبر پختونخواکے علاقے لکی مروت میں معروف پختون شاعر سید ظہور عباس بخاری المعروف افگار بخاری کو ان کے حجرے میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا اور قاتل واردات کرکے فرار ہوگئے جو تاحال قانو ن کی گرفت میں نہ آسکے ۔اگر اس ملک میں نیشنل ایکشن پلان کی اصل روح کے مطابق عمل کیا جاتا تو اس قسم کی دہشتگردی کے واقعات ختم ہو چکے ہوتے ۔ان کامزید کہنا تھا کہ ہمارا دشمن ملک میں نفرت ، فرقہ بندی ، انتہاءپسندی پھیلانے کی سازشیں کر رہاہے جنہیں ناکام بنانے کیلئے ہمیں متحد ہو نا ہوگا۔