قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے خطے کے موجودہ حالات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر سامراجی حملہ ایک بڑی اور سنگین غلطی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح آج بھی مشکل کی ہر گھڑی میں ایران اور پاکستان کے عوام ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ اُمتِ مسلمہ متحد ہو کر سامراجی سازشوں کا مقابلہ کرے، کیونکہ سامراج کا اصل ہدف خطے میں عدم استحکام اور اسلامی ممالک کو کمزور کرنا ہے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی نے رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمیٰ آقای سید علی خامنہ ای کی صحت و سلامتی، انقلاب اسلامی ایران اور ایرانی عوام کے تحفظ کے لیے خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا کہ سامراج کا ایران پر پہلا حملہ عوامی دباؤ کے ذریعے رہبر انقلاب اسلامی اور حکومت کے خلاف بغاوت پر اکسانے، قتل و غارت گری کا بازار گرم کرنے اور اہم شخصیات کو نشانہ بنانے کی صورت میں تھا، جو مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر سامراجی قوتوں نے دوسرے مرحلے میں طاقت کے استعمال کے ذریعے ایران پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو خداوندِ کریم کی مدد سے ان ظالموں کو تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ ان شاء اللہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ آقای سید علی خامنہ ای کے ہاتھوں غرور، تکبر، دھونس اور دھاندلی کا خاتمہ ہوگا، جو اسلام و ایران کی فتح اور سامراجیت کے زمین بوس ہونے کا نقطۂ آغاز ثابت ہوگا۔