وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی جناب سردار یوسف کی زیر صدارت سانحہ ترلائی کلاں اسلام آباد کے حوالے سے علماء و مشائخ کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں راولپنڈی اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے تمام مکاتب فکر کے جید علماء و مشائخ نے شرکت کی۔
ہنگامی اجلاس میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اشفاق وحیدی نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اشفاق وحیدی نے سانحہ ترلائی کلاں اسلام آباد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تاحال شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کے علاج و معالجے کے لیے حکومتی سطح پر کسی امداد کا اعلان نہ ہونا لمحۂ فکریہ ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحہ ترلائی کلاں کے متاثرین کے لیے فوری مالی امداد کا اعلان کیا جائے اور اس دہشتگردی میں ملوث عناصر، ان کے سہولت کاروں اور پشت پناہی کرنے والی قوتوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔
علامہ اشفاق وحیدی نے واضح کیا کہ پاکستان میں شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں، بلکہ تکفیری اور دہشتگرد عناصر ماہِ رمضان المبارک سے قبل خوف و ہراس پھیلانے کے لیے ایسی کارروائیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ روایتی بیانات سے آگے بڑھتے ہوئے دہشتگردی کے خلاف عملی اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ وطنِ عزیز میں امن و امان قائم رہے اور پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔