تازه خبریں

انقلاب اسلامی ایران کی 47ویں سالگرہ پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا پیغام

انقلابِ اسلامی ایران کی 47ویں سالگرہ | قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی کا پیغام

(انقلابِ اسلامی ایران کی 47ویں سالگرہ | قائد ملت جعفریہ پاکستان کا خصوصی پیغام)

جعفریہ پریس پاکستان : قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے انقلاب اسلامی ایران کی 47ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایران میں اسلامی انقلاب امام خمینیؒ کی رہبری میں بھرپور عوامی تحریک کے نتیجے میں وجود میں آیا اور آج بھی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی رہبری میں پوری قوت کے ساتھ قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی جن اہداف کے لیے برپا کیا گیا وہ ایسے ہیں جو پوری امت مسلمہ کو متحد و متفق کرتے ہیں۔ انقلاب اسلامی ایران کا سب سے بڑا درس یہی ہے کہ قرآنی تعلیمات کا نفاذ ہو، شریعت کی بالادستی ہو، تفرقے اور انتشار کا خاتمہ ہو اور اتحاد کی فضا قائم ہو۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور تفرقہ بازی و انتشار کے اسباب کے خاتمے کے لیے سنجیدہ کوششیں کریں۔

علامہ ساجد علی نقوی نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران نے اسلامی تہذیب و ثقافت کے فروغ اور امت مسلمہ کو استعماری اور سامراجی قوتوں کے مذموم عزائم سے باخبر رکھنے میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ آج یہ جدوجہد ایک اہم ترین موڑ میں داخل ہو چکی ہے، جس کے باعث عالمی استعمار خائف ہو کر نت نئی سازشوں میں مصروف ہے، تاہم یہ انقلاب بالآخر کامیاب و کامران ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی کی کامیابی کا راز یہ ہے کہ یہ کوئی عارضی یا مفاداتی انقلاب نہیں بلکہ ایک شعوری، فکری اور اعتقادی انقلاب ہے۔ وقت نے ثابت کر دیا ہے کہ یہ انقلاب عالم اسلام اور انسانیت کا حقیقی ترجمان ہے۔ اس انقلاب کی بنیاد سینکڑوں علماء، مجتہدین، مجاہدین، دانشوروں اور قائدین کی عظیم قربانیوں پر رکھی گئی، جنہوں نے اپنے خون، فکر، قلم، صلاحیتوں اور خاندانوں کی قربانیاں دے کر انقلاب اسلامی کی عمارت استوار کی۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے مزید کہا کہ انقلاب اسلامی ایران کے بانی حضرت امام خمینیؒ نے انقلاب برپا کرتے وقت اسلام کے زریں اصولوں اور پیغمبر اکرم ﷺ کی سیرت و سنت سے ہر مرحلے پر رہنمائی حاصل کی۔ تمام سازشوں، مظالم، محاصروں، پابندیوں اور دیگر ہتھکنڈوں کے باوجود آج آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی رہبری میں انقلاب اسلامی ایران کرۂ ارض پر جرات، استقامت اور خودداری کی ایک مضبوط مثال بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سامراج کی جانب سے امت مسلمہ کے خلاف جاری جارحانہ اقدامات کے پیش نظر اگر ہم ایک زندہ اور باوقار قوم کے طور پر دنیا میں رہنا چاہتے ہیں تو ہمیں اعلیٰ اہداف کے حصول کے لیے متحد ہونا ہوگا، گروہی اور مسلکی حصاروں سے باہر نکلنا ہوگا اور اپنے اندر استقامت، بصیرت اور شعور پیدا کرنا ہوگا۔

اسلامی تحریک پاکستان کی ویب سائٹ دیکھیں