قائد ملت جعفریہ پاکستان کا پمز اور پولی کلینک ہسپتال کا دورہ، سانحہ مسجد خدیجتہ الکبریٰ ترلائی کے زخمیوں کی عیادت
اسلام آباد:
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی دامت برکاتہ نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سانحہ مسجد خدیجتہ الکبریٰ ترلائی کے زخمیوں کی عیادت کے لیے پمز اور پولی کلینک ہسپتال اسلام آباد کا دورہ کیا۔ قائد محترم نے ہسپتالوں کی مختلف وارڈز اور آئی سی یوز میں زیر علاج شدید زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت کاملہ و عاجلہ کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔
وفد میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری سید سکندر عباس گیلانی، صوبائی صدر شمالی پنجاب علامہ سید اشتیاق حسین کاظمی، ضلع اسلام آباد کے صدر سید جاوید حسین شاہ، نائب صدر علامہ سید بن یامین، جنرل سیکرٹری سید تصور کاظمی، صدر راولپنڈی علامہ عمران علی حیدری، جنرل سیکرٹری سید جابر حسین سمیت دیگر عہدیداران شریک تھے۔
دورے کے دوران دونوں ہسپتالوں کے ایڈمنسٹریٹرز اور معالجین نے قائد ملت جعفریہ پاکستان کو زخمیوں کی صحت اور جاری علاج کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ قائد محترم نے طبی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے زخمیوں کی بہترین نگہداشت کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر زخمیوں نے بلند حوصلے اور ایمانی جذبے کا اظہار کرتے ہوئے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ “شہادت مومن کی آرزو ہے”۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان نے زخمیوں کے سروں پر دست شفقت رکھتے ہوئے انہیں دعا دی اور صبر و استقامت کی تلقین کی۔
دورے کے اختتام پر قائد محترم نے زخمیوں کے لواحقین سے ملاقات کی، ان سے اظہار ہمدردی کیا اور اجتماعی دعا کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کی التجا کی۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا کہ عبادت گاہوں پر حملے انسانیت اور مذہبی اقدار پر حملہ ہیں، ایسے واقعات قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے بلکہ اتحاد اور بیداری کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔





























