تازه خبریں

خلیل الحیہ: شہداء کے مشن کو جاری رکھیں گے، فلسطینی مزاحمت کی 4 ترجیحات کا اعلان

خلیل الحیہ: شہداء کے مشن کو جاری رکھیں گے، فلسطینی مزاحمت کی 4 ترجیحات کا اعلان

حماس کے نومنتخب سربراہ خلیل الحیہ نے اپنے پہلے باضابطہ خطاب میں اعلان کیا ہے کہ تحریک اپنے شہید رہنماؤں کے نقشِ قدم پر چلتی رہے گی اور فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایک نہایت حساس مرحلے میں یہ ذمہ داری سنبھال رہے ہیں اور اسے ایک بڑی امانت سمجھتے ہیں۔ خلیل الحیہ نے غزہ کے عوام کو یقین دلایا کہ ان کی مشکلات کم کرنے اور معمول کی زندگی بحال کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی، جبکہ مغربی کنارے (ویسٹ بینک) کے دفاع کو بھی تحریک کی اہم ذمہ داری قرار دیا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے حماس کی چار بنیادی ترجیحات بھی بیان کیں:غزہ میں باعزت زندگی کی بحالی اور عوامی مشکلات کا خاتمہ۔
تمام فلسطینی دھڑوں کے درمیان قومی اتحاد کو فروغ دینا اور جامع قومی مکالمے کا آغاز۔
غزہ کی فلسطینی شناخت میں مرکزی حیثیت کو مضبوط کرنا، قیدیوں کی رہائی اور عوام کی مشکلات کا خاتمہ۔
اسلامی دنیا کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنا۔

خلیل الحیہ نے غزہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ حماس اس عمل کو آگے بڑھانے کی خواہاں ہے۔

انہوں نے فلسطینی عوام کی حمایت کرنے والے ممالک اور گروہوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خاص طور پر ایران، یمن، لبنان اور عراق کا ذکر کیا اور کہا کہ ان کی سیاسی اور دیگر حمایت کو سراہا جاتا ہے۔

حماس رہنما نے دنیا بھر میں فلسطین کے حق میں جاری عوامی مظاہروں اور یکجہتی کی مہم کو جاری رکھنے کی اپیل کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کے شہریوں، خصوصاً بچوں، کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

خطاب کے اختتام پر خلیل الحیہ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ فلسطینی مزاحمت اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور بالآخر اپنے مقاصد کے حصول میں کامیاب ہوگی، چاہے یہ راستہ کتنا ہی طویل کیوں نہ ہو۔