تازه خبریں

دفتر خارجہ

افغانستان کی جانب سے دہشتگردوں کی روک تھام کی پختہ یقین دہانی تک سرحد بند رہیگی: پاکستان کا دو ٹوک مؤقف

پاکستان نے دو ٹوک مؤقف دہراتے ہوئے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ جب تک افغان حکومت کی جانب سے دہشتگردوں کی پاکستان میں دراندازی کی روک تھام کی پختہ یقین دہانی نہیں کرائی جاتی اس وقت تک سرحد بند رہے گی۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ مسئلہ صرف ٹی ٹی پی یا ٹی ٹی اے نہیں، افغان شہری بھی پاکستان میں سنگین جرائم میں ملوث رہے ہیں، سرحد کی بندش کے تناظر کو اسی حقیقت میں سمجھا جائے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا پاکستان کا افغانستان کے عوام سے کسی قسم کا اختلاف نہیں، وہ ہمارے بھائی بہن ہیں، بارڈر بندش کے سکیورٹی اسباب ہیں۔

ان کا کہنا تھا افغان عوام کے لیے امدادی راہداری میں پاکستان ہمیشہ مثبت رہا ہے، بارڈر پالیسی کا تعلق افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عملی تعاون سے ہے، افغان حکومت یقین دہائی کرائے کہ دہشتگرد اور پرتشدد عناصر پاکستان میں داخل نہیں ہوں گے، جب تک افغانستان کی جانب سے پختہ یقین دہانی نہیں کرائی جاتی اس وقت تک پاک افغان سرحد بند رہے گی۔