تازه خبریں

جامعۃ المصطفیٰ مشہد مقدس میں علامہ عارف حسین واحدی کا انقلابِ اسلامی اور اتحادِ امت پر لیکچر

مشہد مقدس: علامہ عارف حسین واحدی کا جامعۃ المصطفیٰ میں لیکچر، انقلابِ اسلامی اور اتحادِ امت پر جامع خطاب

مشہد مقدس:
شیعہ علما کونسل پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے جامعۃ المصطفی مشہد مقدس میں عالمی مسائل کے محققین کے ساتھ ایک اھم نشست میں اپنے لیکچر دیا جس ما موضوع تھا-انقلاب اسلامی کے فرقہ واریت کے خاتمے اور دینی قوتوں کو متحد کرنے میں کردار-

انھوں نے اپنے لیکچر میں کہا کہ انقلابِ اسلامی ایران نے دنیا بھر کے مسلمانوں میں اتحاد و بیداری کی نئی روح پیدا کی۔ انہوں نے بانی انقلاب حضرت امام خمینیؒ اور رھبر معظم امام خامنہ ای کی امتِ مسلمہ کے اتحاد و وحدت کے لیے کی گئی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ انقلابِ اسلامی نے عالمی سامراجی قوتوں اور دشمنانِ اسلام کے مقابلے میں ڈٹ کر کھڑے ہو کر مظلوم اقوام کو حوصلہ اور اعتماد دیا، جس سے دنیا بھر کے مسلمان اور مظلوم طبقات کو تقویت ملی۔

علامہ عارف واحدی نے پاکستان میں انقلابِ اسلامی کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب اسلامی کے وحدت امت کے ھدف کو پاکستان میں آگے بڑھاتے ھوئے تمام مسالک کے جید علمائ کرام اور مشائخ عظام نے پوری قوت سے پاکستان میں امن و اتحاد کے فروغ اور فرقہ واریت،شدت پسندی،تکفیر اور دھشتگردی کے خاتمے کے لئے جدوجہد کی۔

ملی یکجہتی کونسل اور متحدہ مجلسِ عمل جیسی تحریکوں کی تشکیل میں اتحادِ امت کا جذبہ کارفرما رہا۔ اس مبارک سفر میں قائد شہید علامہ عارف حسین حسینیؒ، قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی سمیت اہل سنت کے جید علماء کرام جیسے مولانا ابو الاعلیٰ مودودیؒ، قاضی حسین احمدؒ، مولانا سمیع الحقؒ، مولانا فضل الرحمن، مولانا شاہ احمد نورانیؒ، پروفیسر ساجد میر، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر،سراج الحق،لیاقت بلوچ اور دیگر اکابرین نے فرقہ واریت، تکفیر اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کی اور امت کو متحد کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ بعض تکفیری عناصر نے انقلابِ اسلامی کو ایک مخصوص مسلک سے منسوب کرنے کی سازش کی، لیکن فلسطین، کشمیر اور دنیا کے دیگر مظلوم مسلمانوں کی عملی حمایت نے یہ ثابت کر دیا کہ یہ کسی ایک مسلک کا نہیں بلکہ ایک عالمی اسلامی انقلاب ہے۔

اپنے خطاب کے دوران علامہ عارف حسین واحدی نے ایران پر امریکی اسرائیلی حملے،پاک انڈیا جنگ،ایران میں اغتشاشات کو دشمن کی سازش کرتے ھوئے کہا کہ ان تمام امور میں اللہ تعالی کا شکر کہ پاکستان اور ایران دو برادر اور دوست ممالک کے طور پر الٹھے رھے اور ھمیں کوشش کرنی ھے کہ مسلمان ممالک خاصکر ان دو برادر ممالک میں یہ دوستی مزید فروغ پائے۔

انہوں نے مسجد خدیجہ الکبریٰ اسلام آباد میں پیش آنے والے سانحے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گردی، تکفیر اور فرقہ واریت کے خلاف پوری امت متحد ہے اور ان شاء اللہ مشترکہ جدوجہد سے ان سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔

انہوں نے علماء و مشائخ کے کردار کو سراہتے ہوئے نیشنل پیغامِ امن کمیٹی کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان میں فرقہ واریت پھیلانے کی جتنی بڑی سازشیں ہوں گی، اتنی ہی قوت کے ساتھ ملی یکجہتی کونسل،نیشنل رحمۃ للعالمین اتھارٹی،اسلامی نظریاتی کونسل،نیشنل علما و مشائخ کونسل اور دیگر پلیٹ فارمز سے عملی میدان میں امن، وحدت اور اتحاد کا پیغام دیا جائے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے اور اتحادِ امت کا پیغام پوری دنیا تک پہنچانے میں ھم سب ملکر جدوجہد جاری رکھیں گے،علامہ عارف واحدی نے حاضرین کے سوالوں کے جواب دئیے-

آخر میں علامہ عارف واحدی نے جامعۃ المصطفیٰ کے مسئولین اور معزز محققین کا شکریہ ادا کیا-