تازه خبریں

علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس لائف ٹائم ایچیومنٹ ایوارڈ 2026 وصول کرتے ہوئے

اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس لائف ٹائم ایچیومنٹ ایوارڈ 2026 علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کے نام

پاکستان میں اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس کے شعبے میں غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم ایچیومنٹ ایوارڈ برائے سال 2026 اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سابق شریعہ ایڈوائزر، چیئرمین الصادق انسٹیٹیوٹ آف اسلامک فنانس اینڈ تکافل اور شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کو دیا گیا۔

یہ ایوارڈ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس کے فروغ اور سود سے پاک معاشی نظام کے قیام کے لیے 25 سالہ بے لوث خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا گیا۔ ایوارڈ منہاج انٹرنیشنل یونیورسٹی لاہور میں منعقدہ نویں انٹرنیشنل اسلامک اکنامک اینڈ فنانس کانفرنس کے دوران ایک پروقار تقریب میں پیش کیا گیا۔

تقریب میں ڈپٹی گورنر و بورڈ آف ڈائریکٹرز منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کو ایوارڈ پیش کیا۔ اس موقع پر اسلامک فنانس گروپ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈائریکٹر زاہد الرحمن کھوکھر، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے ڈائریکٹر عبدالرحمان وڑائچ، ساجد محمود شہزاد، وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور سمیت الجزائر، ایران، آسٹریلیا، بحرین، برونئی، بنگلہ دیش، ترکیہ، ملیشیاء، سنگاپور اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے اسلامک فنانس انڈسٹری کے ماہرین نے شرکت کی۔

اس موقع پر علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے خطاب میں ایوارڈ کو غزہ کے مظلوم فلسطینی عوام کے نام منسوب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے عوام آج بھی ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں اور امت مسلمہ پر لازم ہے کہ وہ مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہو۔

انہوں نے وطن عزیز پاکستان میں اسلامک فنانس کے فروغ کے لیے مزید تیز اور مؤثر اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جلد از جلد سود سے پاک معاشی نظام کے قیام کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

تقریب میں اسلامک بینکنگ سسٹم کے اعلیٰ ذمہ داران کے علاوہ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل مولانا افضل حیدری اور الصادق انسٹیٹیوٹ آف اسلامک بینکنگ فنانس اینڈ تکافل و الصادق شریعہ سلوشنز کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبر مولانا سید مظہر عباس زیدی بھی موجود تھے۔