تازه خبریں

حیدرآباد میں شیعہ علماء کونسل کے زیر اہتمام استقبال ماہ رمضان سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شبیر حسن میثمی

حیدرآباد: شیعہ علماء کونسل کا استقبالِ ماہ رمضان سیمینار، سانحہ ترلائی پر تعزیتی ریفرنس

حیدرآباد: شیعہ علماء کونسل کا استقبالِ ماہ رمضان سیمینار، سانحہ ترلائی پر تعزیتی ریفرنس

حیدرآباد میں شیعہ علماء کونسل حیدرآباد ڈویژن کے زیرِ انتظام استقبالِ ماہِ رمضان المبارک کے سلسلے میں ایک جامع مبلغین سیمینار اور سانحہ جامع مسجد خدیجۃ الکبریٰ ترلائی پر تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا۔ اجتماع میں مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ شبیر حسن میثمی، صوبائی صدر علامہ اسد اقبال زیدی سمیت سینکڑوں مبلغینِ کرام نے شرکت کی۔

مقررین نے ماہِ رمضان المبارک کو اصلاحِ نفس، تقویٰ، اتحادِ امت اور سیرتِ اہلِ بیتؑ کے فروغ کا مہینہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مبلغین دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں جا کر قرآن و اہلِ بیتؑ کی تعلیمات کو عام کریں اور معاشرے میں فکری و اخلاقی رہنمائی فراہم کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ منبر و محراب کا پیغام امن، وحدت اور دینی شعور کی بیداری کا ذریعہ بننا چاہیے۔

اجتماع کے دوران سانحہ جامع مسجد خدیجۃ الکبریٰ ترلائی کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ مقررین نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ذمہ داران کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔

سیمینار کے اختتام پر مبلغین کو ماہِ رمضان المبارک میں مختلف اضلاع اور دور دراز علاقوں میں تبلیغی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں تاکہ دینی پیغام کو مؤثر انداز میں عام کیا جا سکے۔

فیسبک دیکھیں