تازه خبریں

کراچی گل پلازہ آتشزدگی پر علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کا ردعمل

اسلام آباد: جامع مسجد خدیجۃ الکبری میں بم دھماکہ، علامہ شبیر حسن میثمی کی شدید مذمت

اسلام آباد:
مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ شبیر حسن میثمی نے اسلام آباد کی جامع مسجد خدیجۃ الکبری میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کو دارالحکومت میں انتظامی نااہلی اور سیکیورٹی اداروں کی سنگین ناکامی قرار دیا ہے۔

علامہ شبیر حسن میثمی نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عبادت گاہ کو نشانہ بنانا دشمنانِ انسانیت کی بزدلانہ کارروائی ہے، جس کا مقصد ملک میں خوف و ہراس پھیلانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد جیسے حساس اور ہائی سیکیورٹی زون میں نماز جمعہ کے موقع پر دہشتگردی کا واقعہ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ سیکیورٹی انتظامات مؤثر نہیں ہیں۔ حکومت اور متعلقہ ادارے فوری طور پر واقعے کی شفاف تحقیقات کرائیں اور ذمہ دار عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔

مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس میں کسی قسم کی کوتاہی ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کو فوری طور پر مزید مؤثر بنایا جائے۔