تازه خبریں

اسلام آباد میں جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کی علمی تقریب میں قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کی شرکت

جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کی تقریب، قائد ملت جعفریہ پاکستان کی شرکت

اسلام آباد: جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے زیر اہتمام علمی شخصیات کے اعزاز میں خصوصی تقریب، قائد ملت جعفریہ پاکستان کی شرکت

جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ اسلام آباد کے زیر اہتمام جامعۃ الکوثر میں پاکستان کے مختلف دینی مدارس اور حوزاتِ علمیہ سے وابستہ مصنفین، مترجمین اور تحقیقی شعبوں میں خدمات انجام دینے والی علمی شخصیات کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علمی تحقیق، تصنیف اور ترجمہ دینی و فکری بقا کا بنیادی ستون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہلِ قلم اور محققین کا کردار صرف علمی نہیں بلکہ فکری رہنمائی کا بھی ہے، اور عصرِ حاضر میں مضبوط دلیل اور مستند تحقیق کے بغیر فکری چیلنجز کا مقابلہ ممکن نہیں۔

انہوں نے دینی مدارس اور حوزاتِ علمیہ سے فارغ التحصیل علمی شخصیات کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام علم دوست معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تقریب کے دوران مصنفین، مترجمین اور تحقیقی میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔

آخر میں منتظمین کی جانب سے معزز مہمانان کا شکریہ ادا کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ علمی و تحقیقی خدمات کے اعتراف کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔