تازه خبریں

قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی یوم یکجہتی کشمیر پر مظلوم کشمیریوں کے حق میں پیغام دیتے ہوئے

مسئلہ کشمیر: مظلوم کشمیریوں کی امید پاکستان، قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ مظلوم کشمیریوں کی امید کا مرکز فقط پاکستان ہے، کشمیری قیادت، قومی طبقات اور تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے قابلِ عمل راہ حل متعارف کرایا جائے، خطے میں مسئلہ کشمیر کے حل تک پائیدار قیامِ امن کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے یومِ یکجہتی کشمیر پر مختلف شخصیات سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام ایک عرصہ سے اپنی آزادی کی تمنا لیے ہوئے کہیں جامِ شہادت نوش کر رہے ہیں تو کہیں عصمت دری اور پیلٹ گنز کے ذریعے نشانہ بنایا جا رہا ہے، ریاستی جبر و ظلم کا کون سا حربہ ہے جو ان مظلوم عوام پر نہ آزمایا گیا ہو، مگر آج بھی کشمیر سے آزادی کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں۔

افسوس کہ پاکستان کی طرف سے مختلف اقدامات اٹھائے گئے، مگر اس کے باوجود بھارت مسلسل غاصبانہ اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا قابلِ قبول لائحہ عمل وضع کیا جائے تاکہ مسئلہ کشمیر، جو جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے انتہائی ضروری مسئلہ ہے، حل ہو اور کشمیری عوام کو بھی اپنی سرزمین پر آزادی کا سورج دیکھنا نصیب ہو۔

انہوں نے تجویز دی کہ کشمیری قیادت، تمام قومی طبقات اور سٹیک ہولڈرز میں سے صاحبِ رائے افراد سے تجاویز مرتب کی جائیں اور مفصل غور کے بعد انہیں لائحہ عمل کی شکل میں پیش کیا جائے، جس کی روشنی میں اقدامات اٹھائے جائیں تو نہ صرف کشمیری عوام کی ڈھارس بندھے گی بلکہ جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا مسئلہ سنجیدہ حل کی جانب بھی بڑھے گا۔

علامہ سید ساجد علی نقوی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایک عرصے سے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے مسئلے سے نبرد آزما ہے۔ انہوں نے بلوچستان کی حالیہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ سویلین شہادتوں پر بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا۔