قائد ملت جعفریہ پاکستان کی ایرانی سفیر سے ملاقات
مشکل کی ہر گھڑی میں ایران اور پاکستان کی عوام ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی
ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے اسلامی جمہوریہ ایران میں امن و امان کے حوالے سے قائد ملت جعفریہ کو تازہ صورتحال سے آگاہ کیا قائد ملت جعفریہ کے ہمراہ وفد میں علامہ محمد رمضان توقیر، علامہ عارف حسین واحدی، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور زاہد علی آخونزادہ شامل تھے
اسلام آباد/راولپنڈی 21جنوری 2026ء (جعفریہ پریس پاکستان )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اسلامی جمہوریہ ایران کے پاکستان میں سفیر ڈاکٹر رضا امیر ی مقدم سے ملاقات ۔
قائد ملت جعفریہ کے ہمراہ وفد میں شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدور علامہ محمد رمضان توقیر، علامہ عارف حسین واحدی، مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ داکٹر شبیر حسن میثمی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ شامل تھے۔ ملاقات میں سفیر محترم نے اسلامی جمہوریہ ایران میں امن و امان کے حوالے سے قائد محترم کو تازہ صورتحال سے آگاہ کیا اور موجودہ صورتحال کو پرامن قرار دیا اور ایران کے بیرونی خطرات سے بھی مکمل تیاری کے ساتھ نبرد آزما ہونے کے لیے آمادہ ہونے کے عزم کا اعادہ کیا۔
قائدملت جعفریہ نے رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمی آقاء سید علی خامنہ دام ظلہ العالی کی صحت و سلامتی سمیت انقلاب اسلامی ایران اور ایران کی عوام کے تحفظ کی دعا فرمائی اور کہا کہ مشکل کی ہر گھڑی میں برادر اسلامی ملک ایران اور پاکستان کی عوام ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے بھی قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی اور ان کے وفد کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور کراچی گل پلازہ کے آتشزدگی اور اس میں انسانی جانوں کے ضیاع کے واقعہ پر رنج و غم کا اظہار کیا۔