تازه خبریں

قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی مسجد اعظم قم میں تعزیتی مجلس سے خطاب اور شرکاء

قائد ملت جعفریہ آیت اللہ سید ساجد علی نقوی کی میزبانی میں مسجد اعظم قم میں تعزیتی مجلس

قائد ملت جعفریہ آیت اللہ سید ساجد علی نقوی کی میزبانی میں مسجد اعظم قم میں شہید رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ایؒ کی یاد میں تعزیتی مجلس

قم: شہید رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ایؒ اور ان کے اہلِ خانہ کی یاد میں تعزیتی و فاتحہ کی مجلس مسجدِ اعظم قم میں منعقد ہوئی۔

یہ مجلس قائد ملت جعفریہ پاکستان، نمائندہ ولی فقیہ آیت اللہ سید ساجد علی نقوی کی میزبانی میں منعقد ہوئی، جس میں علمائے کرام، فضلاء، طلاب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مؤمنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قم میں قائم دفتر قائد ملت جعفریہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس روحانی و تعزیتی مجلس میں شرکت کے لیے عموم مؤمنین اور عقیدت مندوں کو دعوت دی گئی تھی۔

مجلس میں متعدد علمی، دینی اور بین الاقوامی شخصیات نے بھی شرکت کی، جن میں دفترِ مقامِ معظمِ رہبری کے نمائندے آغا ملکہ ، جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے نائب صدر ڈاکٹر علی عباسی، دفتر آیت اللہ ریاض الحکیم کے نمائندے، پاکستان سے علامہ شبیر حسن میثمی مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان ، علامہ افتخار نقوی، مولانا سلمان نقوی اور بعثۂ عتباتِ عالیات (بین الاقوامی امور) کے شیخ احمد قمی شامل تھے۔ مجلس عزا سے حجۃ الاسلام والمسلمین محمد ہادی ہدایت نے خطاب کیا

اس موقع پر مقررین نے شہید رہبرِ انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ایؒ کی دینی، علمی، سیاسی اور انقلابی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی جدوجہد، بصیرت اور امتِ مسلمہ کی رہنمائی ہمیشہ تاریخ کا روشن باب رہے گی۔ مقررین نے اتحادِ امت، اسلامی بیداری اور شہداء کے مشن کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

مجلس کے اختتام پر شہید رہبرِ انقلاب اسلامی اور دیگر شہداء کے درجات کی بلندی، امتِ مسلمہ کے اتحاد، عالم اسلام کی سلامتی اور پاکستان کی ترقی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔