جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سید فتح رضوی نے ممتاز عالمِ دین، قومی و ملی رہنما سابق صوبائی صدر تحریک جعفریہ پاکستان شہید علامہ حسن ترابیؒ کی 20ویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید علامہ حسن ترابیؒ کی علمی، فکری، ملی اور تنظیمی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام، مکتبِ اہلِ بیتؑ، قومی وحدت، حق و انصاف اور مظلوموں کی آواز بلند کرنے کے لیے وقف کیے رکھی۔
مرکزی صدر جے ایس او پاکستان نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ اپنے نظریے، اصولوں اور مشن پر استقامت سے قائم رہنے والی شخصیات ہی قوموں کے لیے مشعلِ راہ بنتی ہیں۔ شہداء کی قربانیاں کسی ایک دور تک محدود نہیں ہوتیں بلکہ آنے والی نسلوں کی فکری و عملی رہنمائی کا ذریعہ بنتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ دہشت گردی، نشانہ بناکر قتل اور مذہبی شخصیات سمیت مساجد، امام بارگاہوں، مجالس، جلوسوں اور دیگر عوامی مقامات پر ہونے والے سانحات میں ملوث عناصر، ان کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کو قانون کے مطابق قرارِ واقعی سزا دے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے اور ملک میں امن، انصاف اور قومی وحدت کو مضبوط بنایا جا سکے۔
سید فتح رضوی نے شہید علامہ حسن ترابیؒ کے اہلِ خانہ، رفقاء اور تمام عقیدت مندوں سے دلی اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے اور ہمیں ان کے افکار، کردار اور مشن کو آگے بڑھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ان کے اہداف و مقاصد کی تکمیل کے لیے اخلاص، بصیرت اور استقامت کے ساتھ جدوجہد جاری رکھی جائے۔