تازه خبریں

سانحہ ترلائی اسلام آباد کے خلاف شیعہ علما کونسل پاکستان کا ملک گیر یوم احتجاج کا اعلان

شیعہ علما کونسل کا سانحہ ترلائی اسلام آباد کیخلاف ملک گیر احتجاج | علامہ شبیر میثمی

شیعہ علما کونسل پاکستان نے سانحہ جامع مسجد خدیجتہ الکبری ترلائی اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کے خلاف بروز جمعہ 13 فروری 2026ء کو ملک گیر یومِ احتجاج منانے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت ملک بھر میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔

شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ ترلائی اسلام آباد کی فوری، شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کر کے واقعے میں ملوث دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور پشت پناہی کرنے والی قوتوں کو بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے سانحہ ترلائی کو دشمنانِ اسلام اور دشمنانِ پاکستان کی منظم سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عناصر وطن عزیز میں اتحادِ امت کو پارہ پارہ کرنے اور فرقہ واریت کو دوبارہ ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بروز جمعہ یومِ احتجاج میں یکجا ہو کر ظلم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں اور دنیا کو یہ پیغام دیں کہ پاکستان میں امت مسلمہ متحد ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات ایک بار پھر سر اٹھا رہے ہیں، جن کے پیچھے تکفیری سوچ اور فرقہ وارانہ نفرت پھیلانے والی قوتیں سرگرم ہیں، جبکہ حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے مؤثر اور عملی اقدامات کا فقدان تشویشناک ہے۔

علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے سانحہ جامع مسجد خدیجتہ الکبری ترلائی اسلام آباد کو دارالحکومت میں شہریوں اور نمازیوں کو تحفظ فراہم کرنے میں حکومتی ناکامی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور ذمہ دار عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

انہوں نے سانحہ میں شہید ہونے والے افراد کے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور مطالبہ کیا کہ زخمیوں کو جدید طبی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔