شیعہ علماء کونسل ضلع ملیر کے وفد کی ایس ایس پی ملیر سے اہم ملاقات، امن و اتحاد امت پر تبادلہ خیال
کراچی: قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے فرمان کی روشنی میں اتحاد امت، قومی یکجہتی اور وطن عزیز پاکستان میں امن و امان کے فروغ کے لیے شیعہ علماء کونسل پاکستان ضلع ملیر کے وفد نے ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبد الخالق پیرزادہ سے اہم ملاقات کی۔
23 جولائی 2026 بروز جمعرات ہونے والی ملاقات میں ملک کی موجودہ صورتحال، امن و امان، قومی سلامتی، بین المسالک ہم آہنگی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے امن کو خراب کرنے والی ہر سازش کا قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے مؤثر تدارک کیا جائے اور تمام مکاتب فکر کے درمیان احترام، رواداری اور اتحاد کو فروغ دیا جائے۔
اس موقع پر بالخصوص شاہ لطیف ٹاؤن کے متنازعہ چوک سے متعلق اہم معاملات بھی زیر بحث آئے۔ وفد نے عوامی تحفظ، مذہبی ہم آہنگی اور دیرینہ مسائل کے حل کے حوالے سے اپنا مؤقف پیش کیا۔
ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبد الخالق پیرزادہ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ متعلقہ معاملات کو مکمل سنجیدگی، افہام و تفہیم اور قانون کے مطابق حل کیا جائے گا تاکہ علاقے میں امن، بھائی چارہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رہے۔
ملاقات میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر مولانا سید مظہر حسین زیدی، شیعہ علماء کونسل پاکستان ضلع ملیر کے صدر مہدی رضا عابدی، ضلع ملیر کے نائب صدر زوار وریام علی حسبانی، ضلع ملیر کے نائب صدر کامران زیدی، شیعہ علماء کونسل پاکستان ملیر زون کے صدر مولانا سید عون حیدر رضوی، زون بن قاسم کے نائب صدر مولانا راشد حسین ربانی، ضلع کورنگی کے نمائندہ مولانا رفاقت علی نجفی اور عبدالحفیظ عارفانی شریک تھے۔
