تفتان بارڈر پر سینکڑوں زائرین حکومت کی جانب سے سیکورٹی فراہم نہ کرنے کے باعث پھنسے ہوئے ہیں، مسؤ ل شعبہ زائرین
پاکستان ہاؤس میں بنیادی سہولیات نہ ہونے کے باعث زائرین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ۔راولپنڈی /اسلام آباد 16مارچ 2016ء ( جعفریہ پریس
شیعہ علماء کونسل پاکستان شعبہ زائرین کے مرکزی مسؤل علامہ مظہر عباس علوی نے کہا کہ تفتان بارڈر پر سینکڑوں زائرین جن میں مرد و خواتین بچے اور بوڑھے شامل ہیں حکومت کی جانب سے سیکورٹی فراہم نہ کرنے کے باعث پھنسے ہوئے ہیں۔ اور پاکستان ہاوس میں بنیادی سہولیات نہ ہونے کے باعث زائرین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ۔ ان زائرین کو چار دیواری سے باہر جانے پر پابندی ہے حتیٰ کہ کوئی شخص بیماری کی حالت میں میڈیسن لینے بھی نہیں جاسکتا اوررہائش و طعام وصاف پانی کا خاطر خواہ بندوبست بھی نہیں ہے تفتان بارڈر پرحکومت کی جانب سے پولیو انتظامات کا بہانہ بنا کر زائرین کو بروقت سیکورٹی فراہم نہ کر نے کا یہ اقدام قابل مذمت اور شرمناک ہے ۔زائرین کی مشکلات دور کرنے کیلئے اعلیٰ حکام سے رابطوں میں ہیں تاحال انکی جانب سے کوئی مثبت جواب موصول نہیں ہو رہا ۔ ہمارا حکومت سے پرزورمطالبہ ہے کہ تفتان میں پھنسے زائرین کو سیکورٹی فراہم کرکے انہیں کوئٹہ پہنچائے جانے کے فوری انتظامات کئے جائیں۔ اگر اعلیٰ حکام نے اپنے منفی رویے کو ترک نہ کیا اور زائرین کو سیکورٹی فراہم نہ کی گئی توحالات کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہو گی اور قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پرپاکستان بھر سے علماء کرام کو تفتان بارڈرپہنچنے کی کال دی جائے گی۔