جعفریہ پریس- بلتستان کے نامور عالم دین، امام جمعہ والجماعت مرکزی جامع مسجد اسکردو حجتہ الاسلام شیخ محمد حسن جعفری نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے محرم الحرام کے دوران کئے گئے سکیورٹی انتظامات سے مطمئن نہیں ہیں، سکیورٹی کے لیے نفری کی تعداد بڑھانا ضروری ہے۔ ضلعی انتطامیہ اسکردو میں سکیورٹی کے لیے مزید اقدامات کریں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں اگر کوئی مشکوک شخص نظر آئے تو سکیورٹی اداروں اور العباس اسکاوٹس سے رابطہ کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہزاروں مسلمانوں کے قاتل حکیم اللہ محسود کو شہید کہنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ ہزاروں پاکستانیوں کا قاتل، کیسے شہید ہو سکتا ہے؟ امریکہ ظالم ہے لیکن ظالم نے ظالم کو مارا ہے مقتول اور قاتل دونوں ہی ظالم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں مسلمانوں کا بےگناہ قتل، جلوسوں، مجالس اور مقدس مقامات پر حملہ کرنے والے کی موت پر اُسے شہید کا خطاب دینا سجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں دہشت گرووں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے وہ کسی رعایت کے حقدار نہیں۔