تازه خبریں

بے گناہ فلسطینیوں کا خون اور قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی

بے گناہ فلسطینیوں کا خون اور قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی

بے گناہ فلسطینیوں کا خون اور قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، قائد ملت جعفریہ
اسرائیل کا ایک سال سے غزہ میں جاری ظلم معصوم لوگوں کا منظم قتل اور نسل کشی ہے، علامہ ساجد نقوی
پاکستانی قوم کے دل فلسطینیوں اور لبنانیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہم فلسطینی ولبنانی عوام کی حمایت جاری رکھیں گے
راولپنڈی/اسلام آباد 6اکتوبر 2024ء ( جعفریہ پریس پاکستان  )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے سامراجی قوتوں کا اسرائیل کے ذریعے حالیہ دہشت گردی و جارحیت کے ایک سال مکمل ہونے پرفلسطین و لبنان پر حملوں کیخلاف اہل غزہ و بیروت سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ فلسطینیوں و لبنانیوں کا خون اور قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی،اسرائیل کی ایک سال سے غزہ میں جاری مظالم معصوم لوگوں کا منظم قتل اور نسل کشی ہے۔

علامہ ساجد نقوی نے فلسطین و لبنان میں جاری سامراجی مظالم کی شدیدالفاظ میںمذمت کر تے ہوئے کہا کہ غزہ کے المناک سانحے نے انسانیت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ پاکستانی قوم کے دل فلسطینیوں اور لبنانیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہم فلسطینی ولبنانی عوام کی حمایت جاری رکھیں گے اور دکھ کی اس گھڑی میں ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ علامہ ساجد نقوی نے مزید کہاکہ فلسطین میں گزشتہ ایک برس سے اسرائیل کا رقص ابلیس جاری ہے اورغزہ جنگ میں ابتک لاکھوں افراد شہید و خمی ہو چکے ہیں جس میں خواتین اور بچوں کی تعداد زیادہ ہے،عمارتیں مکمل تباہ ،بنیادی سہولیات اور خوراک ناپیداور زندگی تنگ کی جاچکی ہے جس میں سامراج جد ید ترین اسلحہ مہیا کررہا ہے لیکن فلسطینی عوام اس بدترین ظلم وجبر کے باوجود ڈٹے ہوئے ہیں ۔

فلسطینی رہنما اسماعیل ہنیہ کے پورے گھرانے اسمیت کئی رہنمائوں کو اورحزب اللہ کے رہنما حسن نصراللہ سمیت متعددرہنمائوں کو شہید کردیا گیا ، لیکن اہل فلسطین  و لبنان کی ہمت میں کوئی کمی نہیں آئی ۔آخر میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ تمام مسلمان ممالک متحد ہوکر فلسطین اور لبنان کی مدد کریں تو وہ دن دور نہیں جب اسرائیل کو تاریخی شکست ہوگی اور بیت المقدس آزاد ہوگا۔پاکستانی عوام چاہتے ہیں کہ پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایک ٹھوس اور مناسب موقف اپناتے ہوئے اقدامات کرے جن سے سامراج کی سرکشی کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔