جمعة الوداع، یو م القدس بھرپور طور پر منایا جائے، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی
قبلہ اول کی آزادی اور مظلوم غزہ و فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کی ملک کے چپے چپے سے آواز بلند کی جائے
قبلہ اول کی آزادی اور مظلوم فلسطینیوں کو ان کا حق ملنے تک احتجاج جاری رہے گا،قائد ملت جعفریہ پاکستان
راولپنڈی /اسلام آباد26مارچ 2025 ء ( جعفریہ پریس پاکستان)قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ جمعة الوداع کو یوم القدس بھر پو ر طور پر منایا جائے۔ تمام طبقات سے یوم القدس کے سیمینارز،اجتماع اور ریلیوں میں بھر پور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ ٹوٹ چکے ، سامراج و صہیونیت نے انسانیت سوز مظالم جس طرح ڈھائے ، عورتوں ، بچوں ، بزرگوں کیساتھ اسپتالوں، این جی اوز ، صحافیوں اور امدادی سرگرمیوں کو جس طرح نشانہ بنایا وہ اس کی درندگی اور سفاکیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔سامراج اور و استعماریت اس حد تک پاگل ہو چکے ہیں کہ اسے بین الاقوامی سرحدوں ،قوانین اور چارٹرز تک کی پرواہ نہیں۔ان مظالم کیخلاف جمعة الوداع27رمضان المبارک کو ملک بھر میں یوم القدس بھر پور طریقے سے منایا جائے ۔آخر میں علامہ ساجد نقوی نے کہاکہ جب تک قبلہ اول کی آزادی اور مظلوم فلسطینیوں کو ان کا حق نہیں دیا جائے گا احتجاج جاری رہے گا۔