جعفریہ پریس – جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان، آزاد کشمیر کے آرگنائزر علی جعفری کی خصوصی دعوت پر جے ایس او کے مرکزی سینیئر نائب صدر عبداللہ رضا نے آزاد کشمیر کا دورہ کیا۔ آزاد کشمیر پہنچنے پر جے ایس او کشمیر کے آرگنائزر برادرعلی جعفری نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ان کا شاندار استقبال کیا اور قافلے کی صورت میں انہیں آرگنائزر علی جعفری کے گھر لے جایا گیا۔ جہاں پر ایک تعلیمی و تنظیمی نشست ہوئی، جس میں جے ایس او کو آزاد کشمیر میں فعال بنانے کے لیے درپیش مشکلات کو دور کرنے اور مرکز کی طرف سے ہر قسم کے تعاون کی یقینی دہانی کروائی گئی۔ مرکزی سینیئر نائب صدر نے کارکنوں کے جوش و خروش اور ولولہ کا خیر مقدم کیا اور تعلیمی و تنظیمی امور میں بہتری کے لیے علاقہ کے نوجوانوں کو تشویق دلائی۔ مرکزی سینئر نائب صدر جے ایس او پاکستان عبداللہ رضا کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں بدامنی، کرپشن اور ناگفتہ بہ صورت حال کی اصل وجہ یہی ہے کہ ہمارے حکمران غیروں کے غلام بنے ہوئے ہیں۔ امن وامان کی صورت حال انتہائی ناگفتہ بہ ہے۔ معاشی طور پر پاکستان غیر مستحکم ہوچکا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ آپ نوجوان آگے آئیں اور اس ملک کی باگ ڈور سنبھال کر اس کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔
بعد ازاں مرکزی سنئیر نائب صدر عبداللہ رضا نے نوجوانوں کے ایک بڑے وفد کے ہمراہ (کہ جس میں تنظیمی عہدیداران اور کارکنان شامل تھے) علامہ احمد علی سعیدی، شبیر حسین بخاری اور قیصر سبزواری سے ملاقات کی۔ ان افراد نے نوجوانوں کو حوصلے بلند رکھنے اور نیک نیتی سے کام کرنے کی تلقین کی۔ مولانا احمد علی سعیدی نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے آپ لوگ اپنے آپ کو ایک بااخلاق اور متقی فرد بنائیں، تاکہ جب آپ کو کوئی دیکھے تو وہ کہے کہ شیعہ علی آرہا ہے۔ تعلیمی لحاظ سے اپنے آپ کو تقویت دیں، ہماری نظریں آپ لوگوں پر لگی ہوئی ہیں اور ہمیں شیعت کا مستقبل آپ لوگ ہی نظر آتے ہیں۔ آخر میں مجاہد علوی صاحب نے اختتامیہ الفاظ کہہ کرجعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی کامیابی و کامرانی کی دعا کروائی۔