حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ سید ابو القاسم الخوئی رحمۃ اللہ علیہ کی یاد میں جامعۃ الکوثر اسلام آباد پاکستان میں تقریب کا انعقاد
مرجع عالیقدر حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ السید ابو القاسم الخوئی کی یاد میں 29 اکتوبر 2017 بمطابق 9 صفر المظفر 1439 هجری بروز اتوار کو المصطفیٰ آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ جس میں شیخ الجامعہ سمیت اساتذہ کرام اور طلباء نے شرکت کی۔
تقریب میں مقررین نے آیۃ اللہ العظمیٰ الخوئی کی علمی و عملی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ السید الخوئی کا علمی تبحر اس قدر تھا کہ علماء اہل تشیع اور اہل سنت آپ کے شاگرد ہونے پر فخر کرتے تھے آپ فقہ، اصول، تفسیر قرآن اور علم رجال میں لاثانی شخصیت تھے۔
تقریب کے آخر میں شیخ الجامعہ علامه شیخ محسن علی نجفی دام ظلہ نے حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الخوئی کے علمی قدر و مرتبے کو مزید اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی علمی منزلت اس قدر تھی کہ آپ نے علم الرجال میں تحقیقی انقلاب برپا کیا اور مسلّم اور مروّج آراء کو یکسر تبدیل کر دیئے۔ آخر میں ان کی بلندی درجات کے لیے دعا کی گئی۔
مقررین میں شیخ الجامعہ کے علاوہ طلباء کی نمائندگی کرتے ہوئے حافظ سید اصغر علی، شعبہ تفسیر و علوم القرآن کے مسئول شیخ احمد حسین فخر الدین اور شعبہ فقہ و اصول کی نمائندگی میں شیخ زاہد حسین زہدی شامل تھے۔