تازه خبریں

حکومت آئینِ پاکستان کے تحت شہریوں کے آئینی حقوق کی حفاظت میں اپنا کردار اداء کرے۔آخونزادہ مجاہد علی اکبر

جعفریہ پریس – مشنِ حُسینی پر عمل پیراء ہونے کے لیے اپنے افکار و کردار کو سیرتِ آئمہ معصومین علیہ السلام کے مطابق ڈھالنا ہی مومن کا وطیرہ ہونا چاہئے۔ مکتبِ اہلبیت ؑ نے حق و باطل کے درمیان واضح فرق قائم رکھنے کو ہی حُسینیت ؑ کا نام دیا ہے اور حق کی سربلندی کی خاطر بڑے سے بڑے خطرے سے کھیل جانا ہمیں کربلا والوں کا درس ہے۔آج حکمران اپنے تخت و تاج بچانے کے لیے ظالم اور مظلوم کے فرق کو نظر انداز کیے ہوئے ہیں۔ اور یہ بے بس حکمران ہزاروں شہداء کے قاتلوں سے صرف اور صرف اپنی حکومتوں کے تحفظ کی بھیک مانگنے پر مجبور دکھائی دیتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار شیعہ علما کونسل ضلع پشاور کے زیر اہتمام چہلم امام حسین علیہ السلام کے سلسلے میں منعقدہ تنظیمی اجلاس میں کیا گیاجسکی صدارت ایس یو سی ضلع پشاور کے صدر مجاہد علی اکبرنے کی جبکہ مہمانِ خصوصی ڈویژنل صدر آغا سید پھول شاہ کاظمی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ تھے۔ اجلاس میں عہدیدارانِ کابینہ و یونٹس اور اراکینِ مجلسِ مشاورت نے بھر پور شرکت۔اجلاس میں چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر پشاور میں منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسہائے عزاداری کے انتظامات کا جائزہ لیاگیا اور ان کے بہتر انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ضلعی محرم کمیٹی کے لئے لائحہ عمل ترتیب دئیے گئے ۔ اجلاس میں راولپنڈی میں منافرت پرست گروہوں کی جانب سے سالہا سال سے قائم پرامن فضاء کو سبوتاژ کرنے کی مذموم سازشوں اور شر پسند عناصر کے ناپاک عزائم کے کھلم کھلا اظہار کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ مملکتِ خدادادِ پاکستان کے آئین اور قانون کے تحت شہریوں کے آئینی اور قانونی حقوق کی حفاظت میں اپنا کردار اداء کرے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حکومتی رِ ٹ قائم کرتے ہوئے شر پسندوں کو اپنی من مانی کر کے ملک کی فضاء کو مذہبی منافرت میں جھونکنے سے بچائیں۔اجلاس میں جماعتی اُمور میں مزید فعالیت پر باہمی تبادلۂ خیال کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے اس بات پر زور دیا کہ تنظیمیں قوم و ملت کو اپنے نظم و ضبط سے ہی مظبوط بناتی ہیں اور اپنی صفوں کو منظم اور متحد رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ دُشمنانِ مکتبِ حق کی یہ سازش ہے کہ وہ ہماری صفوں کو بدر و خندق جیسا منظم نہ ہونے دے اور وہ دن رات اپنی انہیں سازشوں میں لگے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ جہاں بھی اتحادو وحدت کے نام پر قومی تشخص کو پامال کر کے اپنے ذاتی تشخص اور قد کاٹھ پر قوم کا استحصال ہو گا وہاں پیروانِ حق پر ظالموں کو ظلم کرنے کا موقعہ آسانی سے فراہم ہو گا۔اجلاس کے آخر میں شرکاء اجلاس نے داعئ اتحادِ بین المسلمین قائدِ ملتِ جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی چہلم امام حسین ؑ کے جلوسوں میں مومنین کر بھر پور شرکت کو یقینی بنانے کا اعادہ کیا گیا