تازه خبریں

سانحہ شکارپور کے خلاف شیعہ علما کونسل پاکستان گلگت کا پونیال روڈ پر احتجاج

  جعفریہ پریس – مسجد و امام بارگاہ کربلا ئے معلی لکھی درشکار پور میں دسیوں بے گناہ معصوم نمازیوں کی شہادت پر شیعہ علما کونسل پاکستان گلگت کا پونیال روڈ پر شدید احتجاج ،احتجاجی مظاہرے میں شیعہ علما کونسل اورجے ایس او کے کارکنان سمیت کثیر تعداد میں مومنین نے شرکت کی-  اس موقع پر احتجاجی مظاہرین سے ڈویژنل صدر شیعہ علما کونسل گلگت شیخ سجاد حسین قاسمی نے خطاب کیا ۔ انہوں نے سانحہ شکارپور کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شکار پور مسجد میں دہشتگردی کی کارروائی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، آئے روز کی دہشت گردی سے واضح ہوتا ہے کہ ملک میں دہشت گرد وں کا راج ہے ،کوئی ان کو روکنے اور ٹوکنے والا نہیں ہے- انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملکی سلامتی کے لئے دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو بے نقاب کر کے حقائق کو منظر عام پرلایا جائے اور دہشتگردوں کی پھانسیوں پرعملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔