جعفریہ پریس – شیعہ علماء کونسل جامشورو کے زیر انتظام شہید راہ ولایت و قیادت اور شیعہ علماء کونسل سندھ کے صوبائی نائب صدرعلامہ الطاف حسین الحسینی کی تیسری برسی کا انعقاد کیا گیا ، جس میں سندھ بھرسے شیعہ علماء کونسل کی صوبائی شخصیات ، جے ایس او اور جعفریہ یوتھ کے تنظیمی کارکنان اور علماء کرام سمیت مومنین نے کثیر تعداد میں شرکت کی – اس موقع پر مقامی علماء کرام سمیت شیعہ علماء کونسل کی صوبائی شخصیات علامہ محمد باقر نجفی ، علامہ شبیر حسن میثمی اور علامہ ناظر عباس تقوی نے خطاب کیا جبکہ خصوصی خطاب نمائندہ ولی فقیہ قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کیا – جعفریہ پریس کی رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی جب پنڈال میں پہنچےتو پورا پنڈال لبیک یاحسین ، جس قوم کا نعره علی ولی اس قوم کا قائد ساجد علی، قائد کے فرمان پر جان بھی قربان ہے جیسے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا اورمومنین نے اپنے محبوب قائد کا گرم جوشی سے استقبال کیا –