تازه خبریں

شیعہ علماء کونسل پاکستان کا حکومت کو زائرین کی آمد و رفت میں رکاوٹیں دور کرنے کا مطالبہ زائرین کے مسائل کو فوری اور مستقل حل کرنے کی ضرورت ہے ،وزیر داخلہ کو خط تحریر،علامہ عارف حسین واحدی

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر ڈیرہ اللہ یار ضلع جعفر آباد بلوچستان کی چیک پوسٹ پر پولیس کی جانب سے زائرین کے قافلوں کو روکے جانے پر وزارت داخلہ پاکستان کو خط تحریر کیا ہے جس میں حکومت کو زائرین کی آمد و رفت میں رکاوٹیں دور کرنے کیلئے بروقت ہنگامی طور پر اقدامات کرتے ہوئے زائرین کے مسائل کو فوری اور مستقل حل کرنے کی ضرورت پر زور دیاہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم آپ کی توجہ انتہائی اہم ،حساس اور فوری مسئلہ کی طرف دلانا مقصود ہے کہ سندھ کے زائرین کی بسوں کوجیکب آباد سے آگے ڈیرہ اللہ یار ضلع جعفر آباد بلوچستان کی چیک پوسٹ پر مقامی /صوبائی انتظامیہ و پولیس سے نے روکا ہوا ہے ۔ اس صورت حال کے پیش نظر زائرین کے علاوہ ملک بھرمیں بسنے والے کروڑوں شیعا ن حیدر کرارمیں شدید بے چینی اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد علی نقوی نے بھی اس صورتحال کو پریشان کن اور تشویشناک قرار دیتے ہوئے اس مسئلہ کو فوری اور مستقل حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اس پریشان کن صورت حال کے پیش نظر بلوچستان انتظامیہ اور پولیس کو فوری اقدام کے ذریعے زائرین کو ہنگامی ریلیف فراہم کرنے کی ہدایات جاری فرمائیں تاکہ ملک بھر میں پیدا ہونے والی بے چینی و تشویش کاخاتمہ ہو سکے۔علامہ عارف حسین واحدی نے مزید کہا کہ زائرین کے مسئلہ پر یہ بات مشاہدہ میں آئی ہے کہ زائرین کے مسئلہ پر صوبائی حکومت وفاقی حکومت کو اور وفاقی حکومت صوبائی حکومت کو ذمہ دارقرار دے کراس مسئلہ سے بری الذمہ ہو تے دکھائی دیتی ہے۔جمہوری حکومت اداروں کواپنی کارکردگی میں بہتری لاتے ہوئے زائرین کو ریلیف فراہم کرنے کی پابند بنائے اوراس مسئلہ کا مستقل حل کیا جائے ۔