تازه خبریں

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں یوم حسین (ع) ہر صورت ہو گا،شیعہ علماء کونسل گلگت

جعفریہ پریس – قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں یوم حسین (ع) کی رکاوٹ کے خلاف شیعہ علماء کونسل پاکستان گلگت کا اہم اجلاس صوبائی سیکرٹریٹ ایس یو سی گلگت میں منعقد ہوا، جس کی صدارت  ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل گلگت مولانا شیخ شہادت حسین ساجدی نے کی – اجلاس میں جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ، جعفریہ یوتھ ، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور مجلس وحدت مسلمین سمیت گلگت ڈویژن کی مقامی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ شرکاء نے کہا کہ جب سے یونیورسٹی معرض وجود میں آئی ہے یوم حسین کا پروگرام گذشتہ نو سالوں سے ہوتا چلا آ رہا ہے – اراکین نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کے نقص امن کو اس پروگرام اور پچھلے سال ہونے والے واقعے سے مربوط نہ کیا جائے۔ اس موقع پر مولانا شیخ شہادت حسین ساجدی  نے کہا کہ سال بھر یونیورسٹی کے اندر فحاشی ، عریانی ، ڈھول دھماکے اور میوزیکل شوز کا انعقاد کیا جاتا ہے مگر کسی نے ان پر پابندی عائد کرنے کی بات نہیں مگر افسوس کا مقام ہے کہ محرم االحرام میں یوم حسین (ع) کے پروگرام کا انعقاد کرنے کی تیاریاں ہوتے ہی بعض شرپسند عناصرکی جانب سے یوم حسین(ع) پر پابندی عائد کرنے کی باتیں کی جاتی ہیں – انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ اور حکومت شرپسندوں کو لگام دینے کی بجائے یوم حسین (ع) منانے والے پر امن طلبا ء کو ہراساں کرنے کے درپے ہیں جو کہ ناقابل برادشت ہے ۔ ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل گلگت مولانا شیخ شہادت حسین ساجدی نے کہا کہ امام حسین (ع) صرف اسلام کے رہنما نہیں بلکہ پوری انسانیت کے رہنما و نجات دہندہ ہیں اور یوم حسین (ع) منانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ حضرت امام حسین (ع) کی فکری عظمت اور اُن کے الہی پیغام کو اجاگر کیا جا سکے لہذا قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں یوم حسین (ع) ہر صورت ہو گا۔  ۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ اگر یونیورسٹی انتظامیہ نے کسی کے دباو میں آ کر پروگرام میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو گلگت کے تمام سکولوں اور کالجوں میں یوم حسین (ع) کا انعقاد ہو گا اور یونیورسٹی میں بھی طلباء کو پرامن طریقے سے پروگرام کرنے کی اجازت دی جائے، بصورت دیگر حالات کی تمام ذمہ داری وی سی اور مقامی انتظامیہ پر عائد ہو گی۔ اجلاس میں مشترکہ طور پر ایک وفد کے صورت میں وی سی اور مقامی انتظامیہ سے بھی جلد ملاقات کرنے اور پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کیا گیا۔