تازه خبریں

میدان کربلا انسانی عزت و تکریم کا اعلیٰ ترین مظہر ہے، اسوۂ حسینی پر عملدرآمد سے امن قائم ہوسکتاہے، آیت اللہ حافظ ریاض نجفی

جعفریہ پریس ممتاز عالم دین آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہاہے کہ انسان اشرف المخلوقات ہے جس کی عزت و تکریم کا ذکر خود خدا وند تعالیٰ نے کیا ہے ، احترام انسانیت ہی فلسفہ حسینی ؑ کا پیغام ہے ،میدان کربلا عزت و تکریم کا اعلیٰ ترین مظہر ہے، اسوۂ حسینی پر عملدرآمد سے امن قائم ہوسکتاہے ۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں عشرہ محرم الحرام کی چوتھی مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آیت اللہ علامہ ریاض حسین نجفی نے کہاکہ امام عالی مقام ؑ نے یزید کی بیعت اس لئے نہیں کی کیونکہ یہ انسانی اقدار کی تذلیل تھی کیونکہ اللہ تعالی نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا ہے اور اس کی عزت و تکریم کا خدا وند تعالیٰ قائل ہے لہٰذا انسان کو بھی چاہیے کہ اپنے احسن کردار سے اپنی اس حیثیت کو برقرار رکھے تاکہ عہد خداوندی کا پاس رہے ۔ انہوں نے کہاکہ میدان کربلا انسانی عزت و تکریم کا اعلیٰ ترین مظہر ہے۔ امام حسین علیہ السلام اور ان کے احبابؓ نے حقیقی طور پر اشرف المخلوقات کے شرف کو باقی رکھا اور اپنے فکر و عمل سے دوام بخشا ۔ انہوں نے مزید کہاکہ آج کل کے دور میں ہمیں اسی شرف و عزت کا خیال رکھانا چاہیے اور اپنے کرداروں کو بلند ترین مقام پر پہنچانا چاہیے اگر ہم احترام انسانیت کے اصول کو اپنائیں اور معاشرہ صحیح معنوں میں اسوۂ حسینی ؑ سے استفسادہ حاصل کرے تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم اس دنیا کو ایک مرتبہ پھر امن فراہم کرنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔