تازه خبریں

نریندر مودی کی ہرزہ سرائی کا جواب دینے کے لئیے گلگت بلتستان کو فوراََ پاکستان کا پانچواں آئینی صوبہ بنایا جائےدیدار علی

نریندر مودی کا گلگت بلتستان کے بارے میں بیان وفاق کی کوتاہیوں کا نتیجہ ہے جبکہ اس کا جواب فقط گلگت بلتستان کو فوراََ آئینی صوبہ بنا نا ہے۔
ہم کشمیر کا حصہ نہیں ہیں، ہماری اپنی الگ شناخت، تہذیب اور جغرافیائی حیثیت ہے۔
دیدار علی، سینئر نائب صدر اسلامی تحریک گلگت بلتستان۔
اسلامی تحریک گلگت بلتستان کے رہنماء و سابق صوبائی وزیر جناب دیدر علی نے جعفریہ پریس کو اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ حال ہی میں نریندر مودی نے گلگت بلتستان کے حوالے سے ایک بیان دیا ہے جو کہ پاک چین اقتصادی راہداری کو ناکام بنانے کی سازش کا حصہ ہے، جبکہ وفاق پاکستان کی لاپرواہی اور کوتاہی نے مودی جیسے لوگوں کو اس قسم کی باتیں کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔
اگر گلگت بلتستان کو اس کا آئینی حق دے کر پانچواں صوبہ بنایا جاتا تو آج یہ نوبت ہی نہ آتی، گلگت بلتستان کے عوام نے اپنے زور بازو پے ڈوگرہ راج سے آزادی حصل کر کے علاقے کا الحاق پاکستان کے ساتھ کر دیا، مگر افسوس کہ آج تک اس الحاق کو آئینی تحفظ نہیں دیا گیا، اس کے باوجود گلگت بلتستان کے عوام آج بھی پاکستان کے ساتھ وفادار ہیں ۔
ہمارا ریاست پاکستان سے بھر پور مطالبہ ہے کہ نریندر مودی کی ہرزہ سرائی کا جواب دینے کے لئیے گلگت بلتستان کو فوراََ پاکستان کا پانچواں آئینی صوبہ بنایا جائے۔
جناب دیدار علی نے آزادی کشمیر کی ہمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ کشمیریوں کی آزادی کی حمایت کی ہے مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ جب بھی گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دینے کی بات ہوتی ہے تو آزاد و جموں کشمیر کے رہنماء گلگت بلتستان کے حقوق کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں، خطوط اور بیانات کے زریعے ہمارے لئیے مشکلات پیدا کرتے ہیں ـ ہم واضح طور پر بتانا چاہتے ہیں کہ ہم کشمیر کا حصہ نہیں ہیں، ہماری اپنی الگ شناخت، حیثیت، ثقافت، تہذیب اور جغرافیائی حیثیت ہے۔