تازه خبریں

پاکستان : اربعین حسینی کے قافلوں کی واپسی جاری شیعہ علماء کونسل پاکستان کی جانب سے انتظامات کی فراہمی کے لئے کوششیں

اربعین حسینی اور حضرت امام رضا (ع) کی شہادت میں شرکت کرنے کے لئے پاکستان سے ایران اور عراق جانے والے زائرین کی واپسی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور ایران کی جانب سے بارڈر پر زائرین کی سہولت کے لئے ہر قسم کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

دوسری جانب شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر و مسئول شعبہ حج و زیارات علامہ مظہرعباس علوی نے کہا ہے کہ کربلا میں چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام میں شرکت اور عراق و ایران میں مقدس مقامات کی زیارت کے بعد واپس آنے والے زائرین کو تفتان بارڈر پر تنگ نہ کیا جائے۔اس سلسلے میں قائد ملت جعفریہ پاکستان کی خصوصی ہدایات پر وفاقی و صوبائی سطح پر ملاقاتیں بھی ہوئی ہیں اس سلسلے میں وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال سے بھی شیعہ علماء کونسل پاکستان کے وفد ک خصوصی ملاقات ہوئی ہے

انہوں نے واضح کیا کہ وزارت داخلہ سے طے پا چکا ہے کہ کسی قافلے کو 2 دن سے زائد عرصہ تفتان بارڈر پر نہیں روکا جائے گا، 35 بسوں میں 2 ہزار افراد تک قافلوں کی شکل میں چلائے جائیں گے اور انہیں تنگ نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سال صرف زمینی راستے سے اربعین حسینی میں 50 ہزار سے زائد پاکستانی زائرین نے شرکت کی تھی۔ جبکہ ایران سمیت پوری دنیا سے 3 کروڑ کے قریب زائرین نے کربلای معلی میں چہلم امام حسین علیہ السلام میں شرکت کی۔