جعفریہ پریس – قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ امت مسلمہ بالخصوص پاکستان کو اس وقت سب سے زیادہ اتحاد کی ضرورت ہے، وحدت سے پاکستان و اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کا مقابلہ کیا جاسکتاہے،شہادتوں کے باوجود ملکی داخلی استحکام کو مضبوط کیا، ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید نے ملک و ملت کی سلامتی اور قومی وحدت و اتحاد کیلئے جو خدمات انجام دیں وہ ناقابل فراموش ہیں، شہید کا کردار کارکنان کیلئے مشعل راہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممتاز مذہبی و سماجی شخصیت ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کی برسی کے مو قع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک و ملت کی سلامتی اور قومی وحدت و اتحاد کے فروغ کے لئے ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا اور اور شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید نے بھی اسی مشن کی خاطر اپنی جان جان آفریں کے سپرد کی۔انہوں نے کہاکہ زندگی کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والی ماہر اور قابل ترین شخصیات، علمائے کرام، ذاکرین عظام، انجینئرز ، وکلاء، ڈاکٹرز اور اکابرین و کارکنان کی شہادتوں کے باوجود تدبر و تحمل پر مبنی طرز عمل کو اختیار کرکے ملک کی داخلی استحکام کو مضبوط کیا۔انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے پورا ملک دہشت گردی کی آگ میں جل رہاہے عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں ۔ذمہ داران کو چاہیے کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سنجیدہ اقدام اٹھائیں ۔ اس موقع پر انہوں نے اتحادو وحدت کا پیغام دیتے ہوئے کہاکہ جتنی ضرورت امہ اور خصوصاً پاکستانی عوام کو اتحاد کی آج ہے اس سے پہلے نہ تھی ۔ اتحا د کے ساتھ ہی ملک دشمن اور اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کیا جاسکتاہے۔
حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کی ملی و قومی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان کی جدوجہد ملی و قومی خدمات انجام دینے والے کارکنان کیلئے مشعل راہ ہے۔