قائد اعظم کے افکار پر عمل پیرا ہو کرہم اپنے مستقبل کو محفوظ بنا سکتے ہیں،قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد نقوی
آئین کو اس ملک کے مسائل کے حل کےلئے ناکام اور قانون کو نظر انداز کر دیا گیا،نئے عمرانی معاہدے کے بجائے آئین پر عملدرآمد کے معاہدے کی ضرورت ہے
ملک کی تشکیل میں تمام مکاتب فکر و مسالک سمیت مسیحی براداری نے بھی پاکستان کی جدوجہد میں بھر پور ساتھ دیا ، قائد ملت جعفریہ پاکستان
راولپنڈی / اسلام آباد24 دسمبر 2017 ء(دفتر قائد )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت پرتمام پاکستانیوں اور کرسمس کے تہوار پر تمام مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ قائد اعظم کے افکار پر عمل پیرا ہو کرہم اپنے مستقبل کو محفوظ بنا سکتے ہیں اور ملک کی تشکیل میں تمام مکاتب فکر و مسالک سمیت مسیحی براداری نے بھی پاکستان کی جدوجہد میں بھر پور ساتھ دیا ۔علامہ ساجد نقوی کا مزید کہناتھا کہ جس آزاد اور خود مختار مملکت کے قیام کی جدوجہد کو بانی پاکستان نے پایہ تکمیل تک پہنچایااس کی سا لمیت اور بقا کے لئے ملک کے تمام طبقات کےساتھ ساتھ حکمرانوں اور اداروں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کےلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں نصف صدی سے زائد عرصہ گزرنے کے بعدبعض سیاستدانو ں کی جانب سے نئے عمرانی معاہدے کی بات کی جارہی ہے ۔ ہم یہ بات مسلسل کرتے رہے ہیں کہ ملک کی صورتحال اتنی بگاڑ دی گئی کہ آئین کو اس ملک کے مسائل کے حل کےلئے ناکام اور قانون کو نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔ ہم اس مرحلہ میں پہنچ چکے ہیں کہ نئی عمرانی معاہدے کے بجائے آئین پر عملدرآمد کے معاہدے کی ضرورت ہے اگر ملک چلاناہے توتمام اداروں کو انکی حد میں رکھتے ہوئے رول آف لا ءکو برقرار رکھناہو گا ۔علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ عوامی طبقات نے خاطر خواہ اپنی ذمہ داریاں ادا کی ہیں ۔عوام نے غربت ، افلاس ، تنگدستی اور دیگر مسائل اور مشکلات کو برداشت کیا اور وطن عزیز کی سلامتی و تحفظ کےلئے قربانیاں دیں جو سلسلہ تاحال جاری ہے ملک کی موجودوہ گھمبیر صورتحال کے پیش نظر حکمرانوں اور ذمہ داروں کو بھی اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری سے ادا کرنا ہو ں گی ۔علامہ ساجد نقوی نے کہاکہ ہم 25دسمبر کرسمس کے تہوار کے موقع پر تمام مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں اور بحثیت پاکستانی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کاکہاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کوئٹہ چرچ پر حملہ آوروں کے سہولت کاروں کو قانون کے شکنجہ میں لےکربے گناہ مسیحی برادری کے قاتلوں کو تختہ دارتک پہنچائیں۔آخر میں علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے پاکستان کو داخلی طور پر مضبوط ، مستحکم اور خوشحال بنانے کے لئے لازم ہے کہ حکمران طبقات اچھے اور بروں کی تمیز کو یقینی بنائیں تاکہ معاشرے سے بگاڑ ، انتشار اور انارکی کاخاتمہ ممکن ہو سکے ۔