شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کی مسلم لیگ( ن) کے چیئرمین راجہ ظفر الحق سے ملاقات، گلگت بلتستان کے آمدہ انتخابات اور ایران عراق جانے والے زائرین سمیت ملک کی مجموعی امن و امان و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ ملک میں استحکام دہشتگردی کے مکمل خاتمے سے ہی ممکن ہے۔ گزشتہ روز شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے مسلم لیگ (ن)کے چیئرمین اور گلگت بلتستان الیکشن کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی کے سینئر ممبر و سینیٹر راجہ ظفر الحق سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں گلگت بلتستان کی آمدہ انتخابات ، ایران، عراق جانے والے زائرین کے مسائل، ملک میں مجالس و عزاداری کے تحفظ سمیت ملک کی مجموعی امن و امان وسیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اپنے محل و قوع کے اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل خطہ ہے۔ علاقے میں شفاف انتخابات کے انعقاد سے جمہوری استحکام آئے گا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ وفاق میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے۔ نگران حکومت کے سلسلے میں ہم سے مشاورت نہیں ہوئی آئندہ اس بات کو مد نظر رکھا جائے ۔گلگت بلتستان کو آئینی حیثیت دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی تحریک پاکستان خطے کی ایک با اثر جماعت ہے۔اور ماضی میں وہاں حکومت بھی قائم کر چکے ہیں۔
علامہ عارف حسین واحدی نے ملک کی موجودہ امن و امان پر گفتگو کے دوران کہا کہ دہشتگردی کا خاتمہ ضروری ہے اور ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کو بے نقاب کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ تبھی ملک میں صحیح معنوں میں امن و امان قائم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم بالعموم اور اہل تشیع بالخصوص دہشتگردی کا نشانہ بنے اور زائرین کی بسوں کو ٹارگٹ کیا گیا لوگوں کو شناختی کارڈ دیکھ کر فائرنگ کی گئی۔ اب بھی تفتان بارڈر پر زائرین کو شدید مشکلات ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں زائرین کے مسئلہ کو حقیقی بنیادوں پر مستقل حل کیا جائے۔ انہوں نے ملک میں مجالس عزا اور عزاداری کے جلوسوں میں ڈالی جانی والی رکاوٹوں کا بھی تذکرہ کیا اور ملک بھر خصوصاً پنجاب میں عزاداری بپا کرتے ہیں۔رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں ان کا سد باب کیا جائے۔ اس موقع پر راجا ظفر الحق نے تمام مطالبات کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشتگردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس امر کی یقین دہانی کرائی کہ شیعہ علماء کونسل کے مطالبات کو وزیر اعظم تک پہنچائیں گے اور ان مسائل کو حل کیا جائے گا۔