جعفریہ پریس۔ مسجد امام خمینی تہران کے امام جماعت کی خصوصی دعوت پر مسئول شعبہ خدمت زائرین برادر سید ناصر عباس نقوی انقلابی کی سربراہی میں دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان قم المقدسہ کی ایک ہیئت نے مسجد امام خمینی تہران کے زیر اہتمام منعقدہ وحدت اسلامی کانفرنس میں خصوصی شرکت کی ۔اس موقع پر پاکستان کی ترجمانی کرتے ہوئے دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان قم المقدسہ کے رکن مولانا مختار حسین رحیمی نے فارسی زبان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس وقت حضرت امام خمینی کے حکم اور قائد انقلاب اسلامی حضرت امام خامنہ ای کی ہدایات پرعمل کرتے ہوئے ہفتہ وحدت کا انعقاد کر رہے ہیں جوکہ در حقیقت قرآن وسنت اور سیرت نبوی بھی ہے، تاریخ میں ملتا ہے کہ جب پیغمبر اسلام نےاسلام کی دعوت دیتے ہوئے اسلام کا دسترخواں بچھایا تو اس دسترخواں پر بلا تفریق رنگ ، نسل اور زبان سب موجود تھے۔ اس دسترخواں پر فارس کے سلمان فارسی ، حبش کے سیاہ پوست بلال حبشی، عرب و عجم ، مہاجر اورانصارسب ہی موجود تھے- سب میں محبت ، اخوت اور صمیمیت پائی جاتی تھی، سب رسول اسلام کی ولایت میں ایک تھے – انہوں نےمزید کہا کہ حضرت امام خمینی کا ایک معروف جملہ ہے کہ ولایت فقیہ وہی ولایت رسول اللہ ہے تو جس طرح ولایت رسول اللہ کے زمانےمیں مسلمانوں کی ہمدلی، محبت ، اخوت اور صمیمیت کو دیکھ کر دشمن، اسلامی طاقت سے خوفزدہ ہوا اور جبھہ کفر و نفاق نے مختلف سازشیں کی اور اسلام و پیغمبر اسلام کے خلاف جنگیں لڑیں تواسی طرح آج بھی فرزندان یہود و آل سعود تکفیریت کے نام پر اسلام و ولایت فقیہ کے خلاف سازشیں کرر ہے ہیں جبکہ پوری دنیا کے مسلمان محبت ، اخوت اور صمیمیت کے ساتھ ولایت فقیہ کے پرچم تلے جمع ہو ر ہے ہیں اور اس وقت لبنان سے سید حسن نصراللہ ، عراق سے سید علی سیستانی اور پاکستان سےعلامہ سید ساجد علی نقوی پرچم ولایت و ولی فقیہ کا مضبوط سہارا بنے ہوئے ہیں تو اسے ہلال شیعی بلکہ بدر شیعی کا نام د ے کر اس خطے اور دنیائے اسلام کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں- شام میں جبھہ النصرہ و داعش نامی مختلف 27 گروپس، عراق میں داعش ودیگر تکفیری گروپس ، پاکستان میں لشکر جھنگوی اورسپاہ صحابہ ، پاک ایران سرحد پر جیش العدل اور جند اللہ نامی محارب گروپس تشکیل دے کر اسلام کے خلاف جنگ میں مصروف عمل ہیں لیکن اگرجبھہ تکفیر و تکفیری گروپس سمجھتے ہیں کہ بم دھماکوں اورخود کش حملوں کے ذریعہ خوف و ہراس کی فضا قائم کرکے اسلام و ولایت فقیہ کو شکست دے سکتے ہیں تویہ ان کی بھول ہے ہم سید روح اللہ، سید حسن نصراللہ ، سیدعلی سیستانی ، سید ساجدعلی نقوی اور قائد انقلاب اسلامی سیدعلی خامنہ ای کے معنوی بیٹوں کی حیثیت سے اعلان کرتے ہیں جو بھی آل علی سے ٹکرائے گا ، پاش پاش ہوجائے گا – بعدازآں قم کے مشہور و معروف منقبت خواں برادر ابوذر جعفری نے اپنے مخصوص انداز میں جشن صادقین میں موجود موالیان کے قلوب کو جلا بخشی۔
جعفریہ پریس کے نمائند ے کی رپورٹ کے مطابق اس کانفرنس میں ایران کے مختلف شہروں کے شیعہ سنی علماء کرام سمیت نیجر، افغانستان اور فرانس کے علماء نے شرکت اور خطاب کیا-