جعفریہ پریس- علامہ محمد رمضان توقیر کی سربراہی میں شیعہ علماء کونسل کے وفد نے شہید اعتزاز حسن کی قبرپر فاتحہ خوانی کی اور قائد ملت جعفریہ کا پیغام پہنچایا –
تفصیلات کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان کا ایک وفد صوبائی صدر علامہ محمد رمضان توقیر کی سربراہی میں شہید اعتزاز حسن کی پر فاتحہ خوانی کیلئے ان کے آبائی گاؤں ابراہیم زائی ہنگو گیا ۔ وفد میں علامہ محمد رمضان توقیر کے علاوہ صوبائی نائب صدر سید ظہور بخاری، مولانا منصف علی بنگش، ڈویژنل جنرل سیکرٹری سید صابر حسین اور علاقہ بنگش کے دیگر سرکردہ علماء بھی شامل تھے۔علامہ محمد رمضان توقیر نے شہید کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی اور قائد محترم علامہ سید ساجد علی نقوی کا پیغام پہنچایا۔
علامہ محمد رمضان توقیر نے وہا ں پر موجود مومنین کی ایک بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید اعتزاز حسن ہمارے لیے ایک اعزاز ہے کہ ہم شیعہ قوم ملک وقوم کی حفاظت کرنے والے ہیں جبکہ ہمارے حریف ملک کوتوڑنے والے اور اس میں انتشار پھیلانے والے ہیں۔ ہم نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک کو ٹوٹنے سے بچایا ہے۔
علامہ رمضان توقیر نے کہا کہ ہم ہزاروں اعتزاز حسن تو قربان کر سکتے ہیں لیکن اپنے مشن اور ملک و قوم پر ایک آنچ بھی نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہید اعتزاز نے اپنی جان قربان کر کے سکول کے سیکڑوں بچوں کی جان بچائی جسے ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔
بعد ازاں علامہ محمد رمضان توقیر وفد کے ہمراہ قبرستان گئے اور شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔