تازه خبریں

یوم دفاع پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا پیغام

یوم دفاع: پاکستان دفاعی لحاظ سے مضبوط، اب معاشی و داخلی استحکام کی ضرورت ہے،قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد نقوی

راولپنڈی/اسلام آباد، 5 ستمبر 2026ء: قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان دفاعی لحاظ سے مضبوط مملکت ہے، تاہم اب وطن عزیز کو سب سے بڑے چیلنجز معاشی اور داخلی استحکام کے حوالے سے درپیش ہیں۔ جس انداز سے مضبوط دفاعی قوت بننے کے لیے جدوجہد کی گئی، اسی جذبے اور عزم کے ساتھ معاشی و داخلی استحکام کے لیے بھی بھرپور کوششیں کرنا ہوں گی، تاکہ ریاست خوشحال ہو اور عام آدمی کی مشکلات کا بھی ازالہ کیا جا سکے۔

6 ستمبر یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ 1965ء کے بعد جس انداز سے مئی 2025ء میں پاکستان نے ازلی دشمن کو ناکوں چنے چبوائے، پاک فوج کے ساتھ پاک فضائیہ اور پاک بحریہ نے جس پیشہ ورانہ انداز سے دفاعی حکمت عملی اپنائی اور جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے دشمن فوج کو پسپا کیا، وہ نہ صرف غیر معمولی کارکردگی تھی بلکہ اسے بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی حاصل ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ مئی 2025ء کے واقعات نے ایک مرتبہ پھر واضح کر دیا کہ پاکستان دفاعی لحاظ سے غیر معمولی اہمیت رکھنے والی ایک مضبوط مملکت ہے۔ ملک کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے کی جانے والی مسلسل جدوجہد قابل تحسین ہے، تاہم اب اسی سنجیدگی اور قومی عزم کی ضرورت معاشی استحکام اور داخلی امن کے لیے بھی ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا کہ وطن عزیز کی سلامتی اور خود مختاری کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیاں اور خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ تمام پاکستانی وطن عزیز کی سلامتی، دفاع اور ملکی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ایک قوم بن کر ارض پاک کو داخلی و خارجی بحرانوں سے نجات دلا سکتے ہیں۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے زور دیا کہ خطے کی حالیہ کشیدہ صورتحال میں پاکستان اپنے ذمہ دارانہ کردار کو برقرار رکھتے ہوئے داخلی سطح پر عوام کو امن و سکون کی فراہمی اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے۔ ریاستی و حکومتی سطح پر ایسے اقدامات ناگزیر ہیں جن سے عوام کے مسائل میں کمی اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کو فروغ مل سکے۔

انہوں نے دفاع پاکستان کے لیے جامِ شہادت نوش کرنے والے شہدائے وطن کو خراج عقیدت اور تمام غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو ایک مرتبہ پھر اتحاد و وحدت کے مشن کی طرف متوجہ ہونے کی ضرورت ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا کہ قوم اپنے اندر وحدت اور اتحاد پیدا کرے، جبکہ حکمران بھی اس معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عملی اقدامات کریں۔ قومی اتحاد، داخلی استحکام اور معاشی مضبوطی ہی پاکستان کو درپیش موجودہ چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کی بنیاد بن سکتے ہیں۔