تازه خبریں

جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے بین المدارس علمی مقابلوں کی اختتامی تقریب اسلام آباد

جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے تحت بین المدارس علمی مقابلوں کی اختتامی تقریب اسلام آباد میں منعقد قائد ملت جعفریہ کی خصوصی شرکت

اسلام آباد: جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ شعبۂ پاکستان کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے بین المدارس علمی مقابلوں کی اختتامی تقریب جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں ملک کے مختلف مدارس سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات نے شرکت کی۔
تقریب میں قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے خصوصی شرکت کی اور صدارتی خطاب کیا۔ انہوں نے علمی و دینی سرگرمیوں کے فروغ اور نوجوان طلباء و طالبات کی علمی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ شعبۂ پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔

اختتامی تقریب کے موقع پر بین المدارس علمی مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں نفیس انعامات اور اعزازات بھی تقسیم کیے گئے۔ مقررین نے طلباء کی علمی استعداد بڑھانے اور مدارس کے درمیان علمی و فکری روابط کو مضبوط بنانے کے لیے اس نوعیت کے مقابلوں کو اہم قرار دیا۔

تقریب میں جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ شعبۂ پاکستان کے مسئول مولانا انیس الحسنین خان، بزرگ عالم دین علامہ ملک اعجاز حسین نجفی، علامہ افتخار نقوی، شیخ شبیر حسن میثمی، علامہ شیخ اسحاق نجفی، علامہ انور نجفی سمیت دیگر علماء، فضلاء، اساتذہ کرام اور سینکڑوں طلباء و طالبات نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران طلباء و طالبات کی علمی صلاحیتوں، دینی مطالعے اور تحقیقی ذوق کو سراہا گیا، جبکہ منتظمین کی جانب سے مقابلوں کے کامیاب انعقاد اور اختتامی تقریب کے انتظامات کے حوالے سے بھی اظہارِ اطمینان کیا گیا۔

مزید تصاویر دیکھیں