راولپنڈی/اسلام آباد، 28 نومبر 2024ء ( جعفریہ پریس پاکستان)
اقوام عالم، مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے بے بس و ناکام ہیں ، علامہ ساجد نقوی۔ سامراج نے ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت فلسطینیوں کو اپنی سرزمین سے بے دخل کرکے غاصب صہیونی ریاست کومضبوط بنایا ، قائد ملت جعفریہ۔ جب تک مسئلہ فلسطین فلسطینیوں کی اُمنگوں کے مطابق حل نہیں کیا جائیگا ،خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہوگا، پیغام۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ ہر سال 29 نومبر کو گذشتہ 48 سالوں سے یہ دن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی 2 دسمبر 1977 کی قرارداد کے تحت تمام رکن ممالک مناتے ہیں، جس کا مقصد فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت اور حقِ آزادی پر زور دینا ہے۔
لیکن افسوس ناک امر یہ ہے کہ آج بھی اقوام عالم مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے بے بس و ناکام ہیں۔ اقوام عالم کی اس بے حسی کے باعث فلسطینی عوام سامراجی صیہونی مظالم کی چکی میں پس رہے ہیں اور 78 سال سے صہیونی ظلم وجبر کا شکار ہیں، جبکہ سامراج نے ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت فلسطینیوں کو اپنی سرزمین سے بے دخل کرکے غاصب صہیونی ریاست کومضبوط بنایا۔
علامہ ساجد نقوی نے عالم اسلام کی توجہ اس جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ غزہ سمیت مشرق وسطیٰ میں انسانیت سسک رہی ہے۔
معاہدوں کے بعد بھی غزہ کے مظلوم بچوں، خواتین، بوڑھوں اور جوانوں پر سامراجیوں صہیونیوں کی جانب سے بمباری و ظلم و ستم کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے۔ اسرائیل فلسطین میں ظلم کی تمام حدیں پار کرچکا ہے۔
لہذا وقت کا تقاضا ہے کہ اب زبانی و کلامی دعوے کرنے کی بجائے عملی طور پر تمام اسلامی ممالک متحد ہو کر سامراج و صہیونیوں کیخلاف اُٹھ کھڑے ہوں اور ان کے ظلم و ستم کو روکنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں، تاکہ فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم و ستم کو روکا جا سکے۔
آخر میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ ہم روز اول کی طرح آج بھی فلسطینی عوام کے عالمی، آئینی، بنیادی اور انسانی حقوق کیلئے ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور سامراجی، صہیونی قبضے اور بہیمیت کی شدید الفاظ میں مذمت کیساتھ واضح کرتے ہیں کہ جب تک مسئلہ فلسطین فلسطینیوں کی اُمنگوں کے مطابق حل نہیں کیا جائیگا، خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہوگا۔
ان حالات میں پاکستان کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عملی طور پر اپنا کردار ادا کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین کے مستقل پر امن حل اور غزہ پر سامراجی صہیونی ظلم و ستم کو روکنے کیلئے عملی اقدامات کرے۔