ایران کی بحریہ دشمنوں کو نئی شکست دینے کیلئے تیار
ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ایران کی بحریہ دشمنوں کو نئے نقصانات پہنچانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی بحریہ نہ صرف دفاعی لحاظ سے مضبوط ہے بلکہ دشمن کو نئی اور تلخ شکست دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ ان کے مطابق ایرانی فوج دیگر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور بڑے دشمنوں کا مقابلہ کر رہی ہے۔
مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ایرانی فوج نے دشمنوں کی کمزوری اور ذلت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کی افواج بہادری سے اپنی سرزمین، سمندر اور قومی وقار کا دفاع کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح ایرانی ڈرونز تیزی سے امریکا اور صہیونی حملہ آوروں کو نشانہ بنا رہے ہیں، اسی طرح بحریہ بھی دشمن کو سخت جواب دینے کیلئے تیار ہے۔
دوسری جانب سعید خطیب زادہ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ امریکا کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی غیرقانونی اقدام ہے۔ ان کے مطابق ایران کا دفاع صرف اپنی سرحدوں تک محدود نہیں بلکہ پورے خطے کے استحکام سے جڑا ہوا ہے۔
انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر بدھ تک معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں فوجی کارروائی کی بات کی جاتی ہے تو یہ ایک متضاد مؤقف ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ امریکی عوام کے فیصلے کا حوالہ دینا کس تناظر میں ہے۔
سعید خطیب زادہ نے کہا کہ ایران اپنے دفاع سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور جب تک آخری ایرانی فوجی موجود ہے، دفاع جاری رکھا جائے گا، تاہم انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ جنگ کے نتائج مثبت نہیں ہوتے اور امریکا کو اس حقیقت کو سمجھنا چاہیے۔