تازه خبریں

سیدہ فاطمہ زہرا کی سیرت پر علامہ ساجد نقوی کا پیغام

سیدہ فاطمہ زہرا کی سیرت خواتین کے لیے نمونہ عمل ہے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی

سیدہ فاطمہ زہرا ؑ آیت تطہیر کا مصداق اور سیدۃ النساء ہیں، علامہ ساجد نقوی

آج کی خواتین جدید دور کے تقاضوں کو سیدہ فاطمہ ؑ کے کردار کے نقوش کی روشنی میں زندگی کا حصہ بنائیں، قائد ملت جعفریہ

بنت رسول اکرم ﷺ نے علی ابن ابی طالب ؑ جیسے شجاع و سخی شوہر کے ہوتے ہوئے اطاعت، تابعداری اور خدمت کو شعار بنایا

راولپنڈی/اسلام آباد، 13 نومبر 2026ء: قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے تین جمادی الاخریٰ کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بنت رسول اکرم ﷺ سیدہ فاطمہ زہرا ؑ آیت تطہیر کا مصداق اور سیدۃ النساء ہیں۔ آپؑ بیٹی کی حیثیت سے رحمت للعالمین جیسی عظیم ہستی کے لیے باعث رحمت قرار پائیں، جبکہ شادی کے بعد بیوی اور ماں کی حیثیت سے جس طرز زندگی کا نمونہ پیش کیا، وہ طبقہ نسواں کے لیے مثالی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیدہ فاطمہ زہرا ؑ گھر کے تمام کام خود انجام دیتی تھیں، بچوں کی تربیت فرماتی تھیں اور اپنی کنیز کے ساتھ برابری اور دوست جیسا سلوک روا رکھتی تھیں۔ امیرالمومنین حضرت علی ابن ابی طالب ؑ کے ساتھ کاموں کی تقسیم بھی آپؑ کے طرز زندگی کا حصہ تھی۔ آپؑ نے علی ابن ابی طالب ؑ جیسے شجاع و سخی شوہر کے ہوتے ہوئے اطاعت، تابعداری اور خدمت کو شعار بنایا، کوئی فرمائش نہ کی اور جوانان جنت کے سردار فرزندان کی والدہ ہونے کے باوجود فاقہ کشی کی زندگی کو ترجیح دی۔

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ صدیقہ، طاہرہ اور بتول جیسے القابات کی حامل سیدہ فاطمہ زہرا ؑ نے اطاعت خداوندی، علم و کمال، عفت و پاکدامنی، حیا، تربیت اولاد، اعلیٰ تہذیب و اخلاقی اقدار اور قناعت پسندی کے ذریعے ایک مثالی اسلامی معاشرے کی بنیادیں فراہم کیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کی خواتین جدید دور کے تقاضوں کو سیدہ فاطمہ زہرا ؑ کے کردار کے نقوش کی روشنی میں اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ بالخصوص مسلم معاشرے میں ازدواج اور شادی جیسے اہم معاملات میں بھی حضرت زہرا ؑ کی سیرت کو نمونہ عمل قرار دیا جائے تاکہ معاشرہ تمام مفاسد، بے راہ روی اور انتشار سے محفوظ رہتے ہوئے اخروی نجات حاصل کر سکے۔